تھرپارکر کے سول اسپتال مٹھی میں 8 ماہ کے دوران 480 نومولود بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا ہے۔
اسپتال ریکارڈ کے مطابق جنوری سے اگست 2026 تک آئی سی یو میں 2 ہزار 273 نومولود بچوں کو علاج کے لیے داخل کیا گیا،جن میں سے 480 جانبر نہ ہوسکے۔
اسپتال انتظامیہ کےمطابق غذائی قلت،کم وزن کے ساتھ پیدا ہونے والے بچے اور مختلف بیماریاں نومولود بچوں کی اموات کی بڑی وجوہات ہیں،جنوری میں 70، فروری میں 39، مارچ میں 54، اپریل میں 47، جون میں 65، جولائی میں 69 اور اگست میں 61 نومولود بچے جاں بحق ہوئے۔
رواں سال سب سے زیادہ 365 نومولود بچے مئی کے دوران آئی سی یو میں داخل کیے گئے۔ ریکارڈ کے مطابق ایک ہزار 387 بچوں کی صحت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کیا گیا، جبکہ 106 بچوں کو مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔
سول اسپتال کے ریکارڈ کےمطابق 126 بچوں کو والدین نےطبی مشورے کے برخلاف اسپتال سے لے گئے، ذرائع کےمطابق غذائی قلت اورکم عمری کی شادیاں بچوں کےکم وزن اورغذائی قلت کی اہم وجوہات میں شامل ہیں،نومولود بچوں کی اموات اور صحت کےمسائل پرسول اسپتال انتظامیہ سےرابطہ کیاگیا تاہم انتظامیہ کی جانب سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
