وزارتِ آئی ٹی نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کردیا۔ اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر فی لیٹر100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔
نادرا، ٹیلی کام آپریٹرز اور صوبائی محکموں کی مدد سے خود کار ڈیجیٹل نظام تیار کرلیا گیا، گاڑیوں کی تصدیق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ذریعے کی جائے گی۔
شہری رجسٹریشن کیلئے نام پر جاری سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس بھیجیں گے، رجسٹریشن کے پیغام میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہریوں کو ان کے موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
شہری پیٹرول پمپ جانےسے پہلے "ٹی او کے” لکھ کر 9771 پر بھیجیں گے، شہری موصولہ ٹوکن دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کریں گے۔
اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر فی لیٹر100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان ریلیف حاصل کرسکیں گے۔
موٹرسائیکل اور رکشہ کے مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کیلئے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر ہے۔
اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگی، ملک بھرمیں رعایتی پیٹرول کی فراہمی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سےشروع ہوگی۔
