پاکستان کی مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت، سعودی عرب کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان

پاکستان نے مکہ مکرمہ پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ سجادحیدرخان نےمکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کا دفاع ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نےمکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کی سلامتی کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑا ہے،وزیراعظم نے تمام فریقین پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کیا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ  نےکہا نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈار نےحوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی،مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اس اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

اس سےقبل پاکستان نے ریاض اورمدینہ کے علاقوں میں سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی بھی شدید مذمت کی تھی،حملوں سے پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور شہری زخمی ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ کےمطابق پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحریہ کے جہاز کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایاگیا،بھارتی بحری جہاز نےپاکستانی بحری جہاز کےانتہائی قریب خطرناک اورجارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی۔

بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے واضح کیا گیا کہ پاکستان اس رویے کی مذمت کرتا ہے اور بھارتی حکومت تک یہ پیغام پہنچایا جائے۔بھارتی بحری جہاز کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور 1991 کے پاک بھارت دوطرفہ معاہدےکی سنگین خلاف ورزی ہے،نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور کو بھی بھارتی وزارت خارجہ طلب کرکے ڈی مارش دیا گیا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے