اسلام آباد کو صوبہ بنانے کیلئے شہر کی تاجر تنظیمیں بھی میدان میں آگئیں، اسلام آباد چیمبر اینڈ کامرس نے جمعہ کو بڑا کنونشن بلالیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی ہوں گے، کنونشن میں اسلام آباد کو وفاقی اکائی کا آئینی درجہ دلانے کے چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کل ہونے والے کنونشن کے مہمان خصوصی ہونگے جبکہ منتخب نمائندے، بار ایسوسی ایشنز، تجارتی و صنعتی تنظیموں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیاہے ۔ کنونشن میں مزدوروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کی نمائندگی بھی ہوگی۔ اسلام آباد گورننس اینڈ صوبائی حیثیت کنونشن میں چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔
مجوزہ چارٹر میں کہا گیاہے کہ اسلام آباد کی اپنی منتخب حکومت، اسمبلی اور وزیراعلیٰ ہونا چاہئے۔ چارٹر میں 120 دن کے اندر اسمبلی اور یونین کونسلوں کے انتخابات کرانے ، اسلام آباد سے جمع ٹیکسز اور فیسوں کا حصہ آئی سی ٹی حکومت کو دینے ، این ایف سی کے متبادل اسلام آباد کو آبادی اور افراط زر سے منسلک سالانہ رقم دینے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔
چارٹر میں سی ڈی اے کو صرف ماسٹر پلاننگ اور ریگولیٹری اتھارٹی تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ سی ڈی اے کے باقی انتظامی امور اسلام آباد کی منتخب حکومت کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔ وفاقی اختیار اسلام آباد میں صرف امن و امان اور ماسٹر پلاننگ تک محدود رکھنے کی تجویز اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لیے الگ ترقیاتی فنڈز کی ضمانت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیاہے۔
