پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وقفہ کردیا گیا، اجلاس دوبارہ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا اور لانگ مارچ کے معاملے پر مشاورت کی۔
سہیل آفریدی نے محمود اچکزئی کو سیاسی کمیٹی کی رائے سے آگاہ کیا اور کہا کہ آپ کی رہنمائی میں لانگ مارچ کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے موقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پی ٹی آئی کا ہے، حتمی تاریخ بھی پی ٹی آئی اتفاق رائے سے طے کرے۔
محمود اچکزئی نے یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی کا جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا، ساتھ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے راجا ناصر عباس سے بھی رابطہ کرکے لانگ مارچ سے متعلق ان کی رائے معلوم کی۔
راجا ناصر عباس نے کہا کہ جو رائے محمود اچکزئی کی ہوگی، وہی رائے میری ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں مزید مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی فیصلے متوقع ہیں۔
