ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 211 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 192 رنز بنائے۔
بھارت کی اننگز میں ابھشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ تلک ورما 22 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔شیریاس ائیر نے 21 رنز اور ایشان کشن نے 20 رنز بنائے۔ وائبھاو سوریہ ونشی نے 15 جبکہ سنجو سیمسن نے 2 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مشکلات کا شکار رہا۔ قومی ٹیم نے 39 رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں۔اس موقع پر حسن نواز اور صائم ایوب نے اننگز سنبھالی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت قائم کی۔
حسن نواز نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔صائم ایوب نے 22 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے 23 رنز کا حصہ ڈالا۔ ڈیبیو کرنے والے سعد مسعود 5 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان 20 اوورز میں 192 رنز تک پہنچ سکا۔ یوں بھارت نے فائنل 19 رنز سے جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔پاکستان کو سلور میڈل ملا۔ بھارت نے ایشین گیمز میں مینز کرکٹ کا مسلسل دوسرا گولڈ میڈل جیتا ہے۔
فائنل میں دونوں کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر مصافحہ نہیں کیا۔ بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ محمد وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا۔
