پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور میں سرکاری وسائل جلسوں اور جلوسوں پر خرچ ہوئے، امیر مقام

پشاور: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت میں عوامی وسائل ضائع کیے گئے، سرکاری خزانے کو جلسوں اور جلوسوں کے لیے استعمال کیا گیا اور ایک قیدی کو چھڑانے کے لیے بھی سرکاری وسائل خرچ کیے گئے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد وفاق اور خیبرپختونخوا ایک پیج پر آگئے ہیں، جبکہ صوبے کی نئی حکومت کے معاملات وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کا مقصد عوام کی بہتری ہونا چاہیے۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال تک پی ٹی آئی کی حکومت رہی، اب اس دور میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور بدعنوانی عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایڈوائزری کونسل اپنا کردار ادا کرے اور مبینہ لوٹ مار، کرپشن اور دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے والوں کے احتساب کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد صوبے میں اس حوالے سے بڑے احتجاج دیکھنے میں نہیں آئے اور لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ان کے بقول عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال بھی مسترد کردی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دور میں گورننس کے بجائے جلسوں اور جلوسوں پر توجہ دی گئی اور ہر موقع پر وفاق پر چڑھائی کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہشت گردوں کو تحفظ دینا، لوٹ مار اور کرپشن اس دور حکومت کا شیوہ بن گیا تھا۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے اور انہیں دیگر صوبوں کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔

پشاور میں سڑکوں اور راستوں کی بندش سے متعلق انہوں نے کہا کہ کنٹینرز کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم یہ کنٹینرز ایک دو روز میں ہٹا دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ صوبے میں آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے