روالپنڈی شہر اور کینٹ کے متعدد علاقوں میں تعمیراتی کام کے باعث گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق پشاور روڈ انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے سلسلے میں مین گیس پائپ لائن پر ہک اپ کیا جائے گا، جس کے باعث گیس کی فراہمی عارضی طور پر بند رہے گی۔
ترجمان کے مطابق گیس کی فراہمی کل رات ساڑھے 8 بجے سے 18 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک معطل رہے گی۔ اس دوران مری روڈ پر صدر سے فیض آباد تک دونوں اطراف گیس کی فراہمی بند رہے گی۔
اسی طرح پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ سے صدر تک، اڈیالہ روڈ اور جی ٹی روڈ کے علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ پشاور روڈ، قاسم مارکیٹ اور ویسٹریج سمیت متعدد علاقے بھی متاثر ہوں گے۔
سوئی ناردرن نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ گیس کی عارضی بندش کے دوران متبادل انتظامات کرلیں۔ کمپنی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 18 اکتوبر کی صبح 6 بجے گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔


