امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو مذاکرات کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زیلنسکی کو کسی دوسرے شخص کو مذاکرات کی ذمہ داری سونپ دینی چاہیے۔ مقصد روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ شاید اب وقت آگیا ہے کہ زیلنسکی مذاکرات کے لیے کسی اور کو آگے لائیں۔ امریکی صدر اس سے قبل بھی یوکرین کی قیادت میں تبدیلی سے متعلق بیانات دے چکے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے معاملے پر فی الحال زیادہ سرگرمی دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ امریکا یوکرین کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر نے یوکرینی شہریوں کی قانونی حیثیت سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے تک امریکا میں مقیم یوکرینی شہریوں کو عارضی قانونی تحفظ دینے کے امکان پر غور کیا جا سکتا ہے۔


