ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل یقینی بنایا جائے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر پر پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیری عوام کی جرات، استقامت اور حقِ خودارادیت کیلئے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
بیان میں کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں آزادی، وقار اور انصاف کے عزم کا ثبوت ہیں، کشمیری سیاسی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی طویل قید باعثِ تشویش ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت متاثر کی، کشمیرتنازع کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری عوام کی امنگوں کو جبر و استبداد سے دبایا نہیں جا سکتا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف اج دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام اباد میں ریڈیو پاکستان چوک سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے۔


