چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، بجلی دستیاب ہے تو مہنگی ہے، وفاقی حکومت کے نمائندوں نے اہم عہدوں پر ہونے کے باوجود شہر کے لیے ایک ٹکے کا کام نہیں کیا۔
کراچی کے تاریخی ڈاکٹر کیخسرو نانا بھائے اسپینسرز آئی اسپتال کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ اسمبلی اپنا فیصلہ سنا چکی، انتظامی یونٹس کے معاملے کو اب بند کرنا چاہیے، سندھ کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکتے ہیں، اسپینسر آئی اسپتال کو فعال اور عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
صحت ایسا شعبہ ہے جس میں ہر وقت کسی نہ کسی کو علاج کی ضرورت رہتی ہے، جبکہ نجی اسپتالوں میں علاج انتہائی مہنگا ہے۔ اسپینسر آئی اسپتال میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری عوام کے مسائل حل کرنا ہے، نفرت پھیلانا نہیں۔ سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو عوامی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور حالات مزید مشکل ہو رہے ہیں۔ اسپینسر آئی اسپتال کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے، کاش پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کر سکتے۔ سولرائزیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے، پیپلز پارٹی کے عوامی نمائندوں کو بجلی کے بحران پر آواز اٹھانی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپینسر آئی اسپتال کو عوامی خدمت کے لیے فعال کیا گیا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کی ذمہ داری اٹھائی گئی اور معاونین نے بھی مایوس نہیں کیا۔ کسی نے زیادتی کی ہے تو اسے قانون کے مطابق جواب دینا پڑے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تاریخی اسپینسر آئی اسپتال کا سنگ بنیاد 1938 میں رکھا گیا اور 1940 میں اسے فعال کیا گیا تھا۔ یہ شہر کا تاریخی ورثہ تھا، تاہم ماضی میں بلدیاتی حکومتوں کی ترجیح عوامی خدمت نہیں رہی۔ اسپتال بند تھا، موقع ملنے پر اس کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جہاں مریضوں کو مفت معائنے اور او پی ڈی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال میں آپریشن تھیٹر فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ ادویات اور چشمے رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے، اسی لیے اسپینسر آئی اسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں اسپتال کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔


