افضال ریحان
انگلستان میں درویش کو اپنے پاکستانی بھائی بہنوں سے یہ شکایت ہے کہ وہ یہاں کی مقامی آبادی کے ساتھ گھل مل کر رہنے کی بجائے بالعموم اپنی الگ تھلگ آبادیوں میں رہتے ہیں، جیسے کہ ساؤتھ ہال اور الفرڈ کے معروف علاقے جن کا ماحول ایسے ہی لگا جیسے بھاٹی لوہاری کا،مختلف کمیونٹیز کامشترکہ گلی محلوں یا مخصوص علاقوں میں رہنا کوئی بری بات نہیں، انھیں ہم لائک مائنڈڈ لوگ کہہ سکتے ہیں لیکن جب صورتحال اس سے کہیں آگے بڑھ کر اپنی اسپیشل شناخت یا اپنے تشخص پر تفاخر اور دوسروں سے مغائرت میں ڈھلتی دکھنے لگے تو اس پر نہ صرف اصل مقامی لوگوں کو بلکہ سبھی باشعور انسانوں کو تشویش ہونی چاہیے۔
اس کم آمیزی یا الگ تشخص کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ لوگ یہاں لندن میں رہ کر بھی کوئی نیا تخیل، نئی مشترکہ تہذیب یا تہذیبی اقدار، حتیٰ کہ زبان و ادب تک نہیں سیکھتے۔ یہاں درویش کو ایسے لوگ بھی ملے ہیں جو اپنے پاکستان میں رہنے والے بھائیوں سے بھی کئی ہاتھ زیادہ بنیاد پرست پائے گئے۔ وہ یہاں انگریزوں کے ملک میں رہ کر بھی اپنے روایتی تفاخر کے ڈھول پیٹتے پائے جاتے ہیں۔ اپنے پاکستان سے جو لوگ یہاں آتے ہیں، ان میں مذہب پسندٹائپ لوگ تو رہے ایک طرف، نامور فنکار ادیب صحافی شاعر بھی بالعموم اپنے انہی پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر دعوتیں کھاتے اور اپنی ستائش کرواتے ہیں۔ ایک سے دوسرے شہر گھومتے پھرتے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی خطے، ایک ہی ملک میں بیک وقت دومختلف النوع تہذیبی دھارے بہہ رہے ہیں جوخاصی حد تک باہم متصادم ہیں۔ درویش نے ربع صدی قبل انہی مباحث پر ایک کتاب لکھی تھی بعنوان’’اسلامی تہذیب بمقابلہ مغربی تہذیب‘‘، جس میں اس پہلو پر زور تھا کہ ہمیں اپنائیت و یگانگت بلکہ وحدت نسل انسانی کا داعی و پیامبر بننا ہوگا۔
اگر تہذیبی طور پر ٹکراؤ کے دس پہلو ہیں تونوے پہلو اشتراک و معاونت کے بھی ہیں، افسوس جداگانہ تشخص کےحامیوں کی جانب سے ان 90فیصد کو دانستہ نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بحث کا مدعا یہ تھا کہ آج اکیسویں صدی میں جب دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے،تہذیبی ٹکراؤ نہیں اشتراک کی ضرورت ہے کیونکہ تہذیبیں باہم حریف نہیں حلیف ہوتی ہیں۔ افسوس فنیٹک اپروچ نے یہاں کے اصل باشندوں اور نئے باسیوں میں ایک نوع کی خلیج کھڑی کر رکھی ہے جو وقت کے ساتھ بھرنے کی بجائے مزید گہری ہو رہی ہےاور ہم شاید اس کیلئے تیار نہیں ہیں کہ یہاں کی تہذیبی اقدار کا احترام کرتے ہوئے مقامی لوگوں کی خوبیوں کو اپنے اندر جذب کر لیں یا ان میں گھل مل جائیں۔
ہم اپنی مثبت اقدار کو ضرور قائم و دائم رکھیں لیکن تہذیبی طور پرمغائرت کا رویہ بالآخر بےضرر ثابت نہیں ہوگا۔ اس تہذیبی مغائرت کی بنیادی وجہ ہمارے اندر کے وہ شدید تعصبات ہیں جن کی جڑیں ہماری روایتی اپروچ میں پیوست ہیں۔ ہمارے دماغوں میں یہ سوچ جم گئی ہے کہ صرف ہم ہی افضل وبرترہیں۔ یہ دنیا وی چند روزہ زندگی کچھ نہیں، لہٰذا ان بے دینوںسے تعلقات بنانے کےجھنجھٹ میں پڑا ہی کیوں جائے۔ ہماری تہذیب بھی پاکیزہ ہے جبکہ ان کی تہذیب گندی ہے جس میںجنسیت کی کھلی چھوٹ ہے۔
درویش کے دوستوں نے یہاں کےایک چوک میں پانچ مذہبی سینٹر دکھاتے ہوئے بتایا کہ ادھر ایک میل کے اندر ساٹھ کی گنتی پوری ہو چکی ہے۔درویش نے جن مذہبی سینٹر کو وزٹ کیا اور وہاں جو کچھ ملاحظہ کیا اس کی تفصیلات آئندہ پر ڈال کر عرض گزار ہے کہ ہمارا ماضی و حال جو بھی ہے ہماری نئی نسلوں کو مذہب کے نام پر اس نوع کے مادی مفادات، اختلافات و دیگر تعصبات سے نکلنا ہوگا، ہمیں ان کےاذہان میںایسے فکری پھول کھلانے ہونگے جن کی خوشبو سے وہ یہ سمجھ جائیں کہ دنیا کے تمام انسان بلا تمیز مذہب و ملت رنگ و نسل قابل احترام ہیں، یہ سب خدا کا کنبہ ہیں۔ ہمیں اس کنبے کے ہر فردسےمحبت کا درس دینا ہے، انسان یاانسانیت سے بڑھ کر اس کرہء ارضی،اس گلوبل ویلیج میں کوئی چیز، کوئی نظریہ ،کوئی سوچ مقدس نہیں۔
آج پوری دنیا ایک ہی وحدت ایک ہی پوائنٹ پر مجتمع ہو سکتی ہے اور وہ ہے مشترکہ انسانی مفاد، انسانوں کی عالم گیر بھلائی، یہ پکار کہ دنیا بھر کے انسانو! باہمی دشمنیاں چھوڑ کرتہذیبی رنگا رنگی کے ساتھ ایک ہو جاؤ۔

