(وژن پوائنٹ مانیٹرنگ ڈیسک)
تعلیمی نظام کے عنوان پرمعروف محقق،مصنف پروفیسر ڈاکٹر حمیدرضا صدیقی کی دو تازہ کتابیں "پاکستان تعلیمی تناظرمیں” اور”پاکستان کی تعلیمی پالیسیاں”شائع ہوگئی ہیں۔یہ کتابیں معروف اشاعتی ادارے قلم فاونڈیشن انٹرنیشنل نے شائع کی ہیں۔
کتاب "پاکستان کی تعلیمی پالیسیاں”200سے زائدصفحات پرمشتمل ہے،اس کتاب میں 1947 سے 2025تک پاکستان کی تعلیمی پالیسیوں کا جائزہ لیاگیاہے۔اس کتاب میں مختلف ادوار کے تعلیمی نظام کا عرق ریزی سے جائزہ لیاگیاہے۔یہ کتاب 40 اہم عنوانات پر مشتمل ہے۔
دوسری کتاب کا عنوان ہے” پاکستان تعلیمی تناظر میں۔ نظریہ اورعمل”۔یہ کتاب 230 صفحات پر مشتمل ہے۔اس کتاب میں برصغیر میں جدید تعلیم کے آغاز و ارتقاء ،خطہ ملتان کا تعلیمی پس منظر،سر سید احمدخان کی علمی خدمات،مولانا حالی ،مولانا محمدعلی جوہر،علامہ اقبال،قائداعظم محمد علی جناح کے تعلیمی نظریات کا جائزہ لیاگیاہے۔یہ کتاب 43اہم عنوانات پر مشتمل ہے۔ ان دونوں کتابوں کے آخری صفحات پر حوالہ جات کی فہرست بھی دی گئ ہے جس سے ان کی اہمیت میں اضافہ ہواہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حمیدرضا صدیقی کی یہ کاوش بلاشبہ لائق تحسین ہے، ان کتابوں کو تعلیمی اداروں کی لائبریریوں میں نہ صرف موجود ہونا چاہیے بلکہ ایسی معیاری کتابوں کو نصاب کا بھی حصہ بناناچاہیے۔
ان معیاری کتابوں کےپبلشرجناب علامہ عبدالستارعاصم نے اپنےتاثرات میں جناب پروفیسر ڈاکٹر حمیدرضا صدیقی کی علمی وفکری خدمات کامختصر اورجامع تعارف پیش کیاہے۔انہوں نے لکھاہے کہ:
”قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار و نظریات کو پھیلانے، نظریہ پاکستان کے فروغ اور تحفظ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی کی خدمات قابل قدر اور نا قابل فراموش ہیں۔ تحریک پاکستان ،قائد اعظم اور اقبال پر ان کی کتابوں اور مضامین نے نئی نسل کی ذہنی آبیاری کرنے اور ان میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزر گیا ہے جب وہ شعبہ تعلیم سے وابستہ ہوئے، ان کی یہ وابستگی طلبہ اور عام لوگوں کی نظریاتی تربیت کا عمل ابھی تک جاری ہے۔ وہ شاندار تعلیمی کیریئر کے حامل ہیں۔ وہ سیاسیات، معاشیات، تاریخ، اردو کے مضامین میں ماسٹرز کی ڈگریاں رکھتے ہیں۔ انہوں نے ”پاکستان کی پارلیمانی سیاست“ پر تحقیق کرکے سیاسیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ انتہائی مقبول استاد ہونے کے ساتھ اچھے منتظم، محقق اور رائٹر بھی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ سیاست، تحریک پاکستان، مطالعہ پاکستان، قائد اعظم اور اقبال ہمیشہ ان کی تحقیق کے خاص موضوعات رہے ہیں۔ اس حوالے سے ان کی اب تک دس تحقیقی کتابیں شائع ہو چکی ہیں:
1- نظریہ پاکستان: پس منظر اور پیش منظر
2- اقبال اور جدوجہد آزادی
3- اگر پاکستان نہ بنتا
4- قائد اعظم کیسا پاکستان چاہتے تھے؟
5- پاکستانی سیاست (1947-1958) فوج، بیوروکریسی اور سیاسی جماعتوں کا کردار
6- اقبال کی سیاسی بصیرت
7- قائد اعظم اور سیکولر سٹیٹ
8- قومی جدوجہد کی 100 نمایاں شخصیات
9- ملتان کی علمی و ادبی سرگرمیاں
10- ایمرسن کالج اوردی ایمرسنز (تاریخی پس منظر اور کارکردگی)
ان کی اسی نوعیت کی مزید پانچ کتابیں زیر طبع ہیں۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ، ڈگری اور ایم اے کی کلاسوں کے لیے مطالعہ پاکستان، معاشیات، سیاست اور شہریت کے مضامین پر 12 درسی کتابیں بھی لکھی ہیں۔ جن میں انٹر اور ڈگری کے لیے مطالعہ پاکستان کی کتب انتہائی مقبول ہیں،جو ایک لاکھ سے زائد تعداد میں اب تک شائع ہو چکی ہیں۔ پروفیسر صدیقی پاکستان کے قومی اخبارات اور جرائد میں مسلسل اور مستقل لکھتے رہتے ہیں۔ ان کے اب تک آٹھ سو سے زائد مضامین مختلف اخبارات اور جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ وہ ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں میں گزشتہ 50 سالوں سے شرکت کر رہے ہیں۔ وہ گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان اور گورنمنٹ ایس ای کالج بہاولپور جیسے موثر تعلیمی اداروں کے پرنسپل کے علاوہ ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) آئی۔ ڈی۔ او۔ ایجوکیشن اور چیئرمین تعلیمی بورڈ کے عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ ان کا انتظامی، تعلیمی اور علمی سفر بھی جاری وساری ہے۔

