چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (سی او اے ایس اینڈ سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا۔ میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے آغاز پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاریوں، مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کے پی پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی اور خیبر پختونخوا کے مشکل سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گی۔

