بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اچھا لگے یا نہ لگے، مسائل کا حل نکالنے کے لیے مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کو انگیج کرنا ہوگا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو معاشی بحران پر توجہ دینے اور بحران سے نکلنے کےمنصوبے پر کام کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ عام سیاست دان کی روایت وزیراعظم کے کام میں مشکل پیدا کرنا ہے۔
بلاول نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کریں اور شہباز شریف اپنی پانچ سال کی مدت پوری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی وزیراعظم معاشی مشکلات سے نکلنے کا کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو کوئی وزیر اٹھ کر اپنا ایجنڈا سنا دیتا ہے اور معاشی بحران سے توجہ ہٹا دیتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو دو بار وزیراعظم بنایا ہے، ایک بار شہبازشریف کے ساتھ کابینہ میں کام کیا، شہبازشریف فخر کرتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کرنے والا تھا اور ہم نے محنت سےنکلوادیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ جنگ شروع ہوئی تو وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے محنت کی کہ امن قائم کیا جائے، جہاں جنگ پر پورا دھیان ہے وہاں وزیراعظم کو موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ معاشی بحران پر توجہ دے سکیں۔

