(بریگیڈیئر ریٹائرڈ فیصل ذیشان)
پاک فوج میں ملک کے لیے خدمات سر انجام دینا تمام فوجیوں کے لیے ہمیشہ سے ایک اعزاز کی بات رہی ہے۔ یہ فخر ویسے تو کم و بیش تمام افواج میں ہی پایا جاتا ہے لیکن اس دھرتی کے جوانوں کا ایک الگ ہی لگائو ہے۔ جس طرح کے مشکل حالات میں اور ناقابلِ فہم برداشت سے ہمارا فوجی افسر اور جوان گزرتا ہے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ اس خوبی کی یوں تو بہت سی وجوہات ہیں لیکن جو سب سے اہم اور قابل ذکر وجہ ہے وہ اپنی یونٹ کے ساتھ آفیسرز اور سپاہیوں کا لگائو ہے جو ماں کے پیار جیسا ہوتا ہے اور جو کبھی ختم نہیں ہوتا اور یہی وہ طاقت ہوتی ہے جس سے مشکل سے مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
یہاں ہر رینک میں افسر اور جوان پنپتے ہیں، آگے بڑھتے ہیں اور انہی حالات میں مختلف یادیں بنتی چلی جاتی ہیں جو یونٹ کی تاریخ کا اثاثہ بھی ہوتی ہیں۔ انہی یادوں میں بہت سی اہم تقریبات ہوتی ہیں جو آنے والے وقتوں میں تمام شرکاء کو بارہا یاد آتی ہیں۔
بیس ستمبر 2014 کی اسی طرح کی ایک تقریب آج بھی میری یادوں کا حصہ ہے۔ یہ تقریب میری یونٹ ہیپی ہیوی نے سجائی تھی جس کا مقصد میری اور لیفٹیننٹ کرنل سہیل افضل کی ترقی پر ہمیں رینک لگانا تھا۔ ساتھ ہی یونٹ نئے اسٹیشن کے لیے رختِ سفر باندھ رہی تھی اور جانے سے پہلے اس نے اپنے پرانے افسروں اور جوانوں کو بلایا تھا۔
میں پنڈال میں داخل ہوا تو نظر دور تک پھیلے ہوئے چہروں پر ٹھہر گئی۔ کرسیاں کم پڑ گئی تھیں اور کچھ لوگ کھڑے ہو کر بھی سننے کو تیار تھے۔ وردیوں کا کلف، سینوں پر سجے تمغے اور ہر چہرے پر وہ مسکراہٹ جو صرف برسوں بعد ملنے والے پرانے ساتھیوں کے حصے میں ہی آتی ہے۔ کوئی کسی کے کندھے پر دھپ مار کر کہہ رہا تھا اور جواب میں اپنائیت سے بھری مسکراہٹیں ہر سو روشنی بکھیر رہی تھیں۔ اس دن ہر کوئی خود کو ذرا سا زیادہ جوان محسوس کر رہا تھا۔
پھر مجھے مائیک پر بلایا گیا۔ میں نے ایک گہری سانس لی اور بات وہیں سے شروع کی جہاں سے پینتیس سال پہلے میری یونٹ کی کہانی کا آغاز ہوا تھا۔
میں نے مائیک سنبھالا اور بولنا شروع کیا۔
سترہ مارچ 1991 میری زندگی کا یادگار دن بن گیا تھا، جب میں نے آرٹلری کی ایک مایہ ناز رجمنٹ میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ شمولیت اختیار کی۔ مجھے ابھی تک یاد ہے کہ مجھے لینے ایئر پورٹ پر لیفٹیننٹ وحید آئے تھے۔ وہ لیفٹیننٹ سے کیپٹن کا امتحان پاس کرنے کے متواتر مواقع گنوا چکے تھے اور اس وقت ایک انتہائی سینئر لیفٹیننٹ کے عہدے پر براجمان تھے۔ ایسے تپاک سے ملے کہ نووارد سیکنڈ لیفٹیننٹ کی ساری گھبراہٹ دور ہو گئی۔
اپنے عسکری سفر کے اس آغاز میں مجھے پہلے کمانڈنگ آفیسر کرنل رب نواز مرحوم (بعد میں بریگیڈیئر)اور ہیوی رجمنٹ کے مختلف کمانڈنگ آفیسرز اور سینئر افسروں کی کمان میں کام کرنے کا موقع ملا۔ انہی کی رہنمائی میں، میں نے اپنے مستقبل کی منزلیں تلاش کیں۔
پنڈال میں بیٹھے سب لوگ دم سادھے سن رہے تھے۔ ایسے معلوم ہوتا تھا جیسے میری تقریر اور برملا انداز انکے لیے غیر متوقع تھا۔ میں نے کہا کہ ۔۔ کرنل غلام شبیر کا ذکر کیے بغیر میرا بیان مکمل نہیں ہو سکتا۔ میں آج جس بھی ادنیٰ حیثیت میں ہوں، اس میں بڑا حصہ انہی کا ہے۔ ان کی وسیع اور پرخلوص طبیعت نے مجھے کیریئر کے اس مشکل وقت سے نکالا جب میں بن سکتا تھا یا بگڑ سکتا تھا۔
پھر میری آنکھوں کے سامنے ڈیرہ اسماعیل خان کی تپتی دھوپ پھیل گئی اور نہر کے کنارے ایتھلیٹکس کی ٹیم کو ٹریننگ دیتا ہوا میں۔ آسمان سے آگ برستی تھی، کچے راستوں پر دھول اڑتی تھی، ماتھوں سے پسینہ ٹپکتا تھا اور جوان نہر کے ساتھ ساتھ دوڑتے چلے جاتے تھے۔ ان میں سے کافی ساتھی آج کے دن بھی پنڈال میں موجود ہیں۔
کل کے وہ کڑیل جوان جن کی ٹانگوں میں بجلی کی سی پھرتی ہوا کرتی تھی، اب آدھے پورے دانتوں کے ساتھ نظر آرہے تھے۔!
کیا وقت تھا، کیا دور تھا، ایسے گبروجوان کہ جن کے چوڑے سینوں کے آگے سے ہوا نہیں گزر سکتی تھی، آج جب بات کر رہے تھے تو ان کے دانتوں کے درمیان سے ہوا سی نکل رہی تھی۔
اسی منظر کے ساتھ میری یاد کا رخ دوسری طرف مڑ گیا، لیفٹیننٹ سیف اللہ کی طرف، جو میرے کورس میٹ تھے۔ اپنی کمزور پتلی پتلی ٹانگوں پر لنگوٹ باندھے وہ کبڈی کی ٹیم کو للکارتے ہوئے میدان میں اتر آتے تھے۔ ٹانگیں ایسی کہ دیکھ کر گمان ہوتا تھا لنگوٹ سے دو ہاکیاں نکل رہی ہیں۔ سامنے کبڈی کے دیو قامت کھلاڑی تھے اور اِدھر ہمارے سیف اللہ صاحب، سینہ تانے ہمیشہ کی طرح بالکل بے خوف۔
اور پھر ایک شرارتی کھلاڑی کا لیفٹیننٹ صاحب کو کبڈی کا دائو لگاتے ہوئے دھوبی پٹڑہ دینا اور تمام کھلاڑیوں کا محوِ حیرت ہونا کہ گرنے کی آواز زیادہ تھی یا لیفٹیننٹ سیف صاحب کی چیخ۔ اس پر ستم یہ کہ اس منظر کے چشم دید گواہ کوئی اور نہیں بلکہ یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل شبیر عاصم خود تھے جنھوں نے موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بعد میں یہ حکم صادر کیا کہ سیف اللہ صاحب کبڈی میں دائو پیچ ذاتی طور پر آزمانے سے گریز کریں۔
پھر وہ وقت بھی آیا جب لیفٹیننٹ سیف، میجر بن گئے اور اسٹاف کورس کا امتحان سر پر آ پہنچا۔
میجر صاحب کے اسٹاف کورس کے امتحان کی انتہائی سنجیدگی سے تیاری کرنے کا انداز اور بھی نرالا تھا۔ بیڈروم کی کھڑکی سے ٹانگیں باہر نکال کر لیٹنا اور سر زمین پر اس طرح ہونا کہ مشکل علم سر تاپا کے بجائے پاتا سر ہو جائے۔
اس منظر کو سن کر پنڈال قہقہوں سے گونج رہا تھا۔ مجھے یوں لگا جیسے وقت کا پہیہ الٹا گھوم گیا ہو اور ہم سب پھر سے اسی ماحول میں کھڑے ہوں۔
پرانے وقتوں کی ایسی ہی ایک اور یاد ڈیرہ اسماعیل خان کی بریگیڈ میس کی تھی، جہاں تمام بیچلر افسروں کے بیڈ دروازے سے شروع ہو کر حدِ نظر ہوتے تھے۔ جگہ چھوٹی تھی، مگر دل وسیع تھے۔ مجھے یاد ہے کہ رمضان میں کیپٹن وقار مرحوم (بعد میں لیفٹیننٹ کرنل )جو کہ یونٹ ایڈیجوٹینٹ تھے، سحری کے وقت ہمیں جنٹلمین کیڈٹ کی طرح بلاتے تھے اور رات کے اس تیسرے پہر میں بھی انتہائی سنجیدہ ماحول بنا کر رکھتے تھے، اور یہ سنجیدگی کچھ ہی دیر میں کافور ہوجاتی جب جگ کی کمی کے باعث وہ ڈالڈا کے ڈبے سے کمال مہارت کے ساتھ لسی نکالتے تھے۔ "ڈالڈا کے ڈبے” کا ذکر آتے ہی پنڈال میں وہ قہقہہ گونجا کہ لطف آ گیا۔ مجھے یقین ہے کہ اس دن کے بعد ڈالڈا کے ڈبے کی اہمیت کچھ زیادہ ہی اجاگر ہوگئی تھی۔
میجر غوری (بعد میں لیفٹیننٹ کرنل)میس میں آ کر ہمارے ساتھ سگریٹ پیتے تھے، اور پھر ہمارے میس ویٹر تنویر شاہ عرف شاہ جی سے منہ کی بو مٹانے کے لیے الائچی مانگتے تھے کیونکہ بعد میں گھر بھی جانا ہوتا تھا۔ یہ سن کر چند افسروں نے ایک دوسرے کو کہنی ماری، کیونکہ الائچی کا یہ راز شاید بہت سوں کا مشترکہ راز تھا۔ فوجی میس کی یہ چھوٹی چھوٹی چالاکیاں ہیں جو کسی ریکارڈ میں درج نہیں ہوتیں، مگر دلوں میں ہمیشہ محفوظ رہتی ہیں۔
میجر مقصود مرحوم (بعد میں لیفٹیننٹ کرنل)، جو میرے پہلے بیٹری کمانڈر تھے، باکسنگ میں نام رکھنے والی ہیوی یونٹ کے باکسرز پر کڑی نظر رکھتے تھے اور پھر بھرپور کوشش کرتے تھے کہ مقابلہ ہونے کے بجائے مخالف کھلاڑی کو ٹیکنیکل وجہ پر ڈِس کوالیفائی کروادیں تاکہ مقابلہ ہی نہ کرنا پڑے اور کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل غلام شبیر سے اپنی اس کاوش پر داد وصول کریں۔
پرانے واقعات میں پھر اسی طرح ایڈیجوٹینٹ کپتان سعادت سعید بھٹہ (بعد میں بریگیڈیئر)نے ایمونیشن میگزین میں ٹمپریچر گیج خراب ہونے پر ایک سرکلر نکالا، جس کا آغاز سائنسی ایجادات کے بنیادی اصولوں پر زور دیتے ہوئے ہوا اور اختتام گلوبل وارمنگ پر۔ ایک ٹوٹے ہوئے گیج کی اتنی عزت کہ بات گلوبل وارمنگ تک پہنچ جائے، ایسا کمال ہے جو صرف بریگیڈیئرسعادت کے ہی حصے میں آیا۔
پھر یونٹ سیکنڈ ان کمانڈ میجر وقار مہدی(بعد میں بریگیڈیئر)کا ذکر آیا، جنہوں نے یونٹ ٹریننگ پر بھرپور زور دیا، مگر بعد میں آدھی یونٹ کا روزمرہ کی ایڈم ٹریننگ پر ہونااور میجر وقار کا آدھی خالی کلاسوں کا دورہ فرمانا۔
پھر میں نے لہجہ نرم کر لیا، کیونکہ اب بات ان لوگوں کی تھی جو اس ساری رونق کے پیچھے خاموشی سے کام کرتے رہے تھے۔
میس اسٹاف تنویر شاہ صحیح معنوں میں یونٹ کا ایک اثاثہ ہیں جنھوں نے جنرل سوار خان سے لیکر آنے والے تمام آفیسرز کی دل لگا کر خدمت کی۔ مجھے یاد ہے وہ فیلڈ ایریا میں رات گئے تک میرا انتظار کرتے تھے، اور میرے پہنچتے ہی بھاپ اڑاتا کھانا لے آتے تھے۔ ساری تھکن اسی لمحے اتر جاتی تھی۔
آخر میں، میں نے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل عرفان اور یونٹ کا شکریہ ادا کیا کہ یونٹ روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود انہوں نے اس تقریب کا انعقاد کیا۔ تمام حاضرین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ تشریف لائے۔ دعا کی کہ یونٹ کی موومنٹ، جو ایک اہم مرحلہ تھی، اللہ تعالیٰ احسن طریقے سے مکمل کرائے، اور نیا اسٹیشن اور نئی جگہ یونٹ کے لیے اعلیٰ مقام حاصل کرنے کا موقع بنیں۔
جب میں نے بات ختم کی تو پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا، ایسی تالیاں جو رسمی نہیں بلکہ اپنائیت سے بھرپور تھیں، لوگ دیر تک کھڑے رہے۔ کچھ آگے بڑھ کر گلے ملے اور کچھ سینئیر افسران نے کہا کہ یار تم تو چھپے رستم نکلے۔
اسکے بعد یونٹ کے بڑے کھانے میں یونٹ کے تمام آفیسرز اور جوان آپس میں گھل مل گئے۔
اتنے برس بعد جب میں نے یہ تصویریں دیکھیں تو سمجھ آیا کہ وہ دن دراصل میری ترقی کے رینک لگانے اور یونٹ کی روانگی کی تقریب نہیں تھا۔ وہ ایک خاندان کا اکٹھا ہونا تھا۔ اسٹیشن بدل جاتے ہیں، وردی پر ستارے بڑھتے جاتے ہیں، مگر ’’ڈالڈا کے ڈبے ‘‘ کی لسی، الائچی سے بو کا مٹانا، کبڈی کے دھوبی پٹڑے اور چیخیں، جیسی چھوٹی چھوٹی یادیں ہمیشہ ساتھ رہ جاتی ہیں۔
پاک فوج کی ہر یونٹ میں لیفٹیننٹ سیف اللہ، میجر وحید، میرے جیسے اور دیگر بہت سے کردار ہوتے ہیں۔ سب یونٹوں کی اپنی اپنی کہانیاں ہوتی ہیں اور یہی کہانیاں تاریخ بناتی ہیں اور پھر یہی ان کو ہر دم زندہ رکھتی ہیں۔

