Close Menu
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم

Subscribe to Updates

Get the latest creative news from FooBar about art, design and business.

What's Hot

سندھ میں چار صوبے بنانے کی باتیں کرنے والے ایسا ہرگز نہیں کر سکتے۔وزیراعلیٰ سندھ

نومبر 19, 2026

انڈیا کے پاس 36 میں سے 32 رافیل طیارے باقی رہ گئے۔ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری نے پاکستانی موقف کی تائید کردی

نومبر 19, 2026

موسیقی کے عالمی ایوارڈز گریمی 2027 کی نامزدگیوں کااعلان،7فروری 2027 کوتقریب ہوگی

نومبر 19, 2026
Facebook X (Twitter) Instagram
جمعرات, نومبر 19
Facebook X (Twitter) Instagram
English
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم
Home»پاکستان»جیل سے ایک خط
پاکستان

جیل سے ایک خط

EditorBy Editorنومبر 19, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
Facebook Twitter Pinterest LinkedIn WhatsApp Reddit Tumblr Email
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email

(محمود شام)
آزادی کی تحریکیں ہوں یا جمہوریت کی بحالی کی۔ جیل تو جانا پڑتا ہے۔ آزادی عدلیہ کی تحریکیں چلیں یا آزادی اظہار کی۔ کامیابی کا راستہ پس دیوار زندہ ہی کھلتا ہے۔
مولانا ابو الکلام آزاد کی۔ غبارِ خاطر۔ اردو کی کلاسیکل کتابوں میں سے ایک ہے۔ وہ جیل سے لکھے گئے ایسے خطوط پر محیط ہےجو مکتوب الیہ کو بھیجے ہی نہیں گئے۔ کیونکہ انگریز کی جیل میں خط بھیجنے پر پابندی تھی۔ یہ خط اردو ادب کا شاہکار ہیں۔ نئے لکھنے والوں کو بہت سے راستے دکھاتے ہیں۔ اردو اور فارسی کے منتخب اشعار سے مرصع۔ پھر جیل میں تحریک آزادی کے رفقا کےتذکرے ۔جیل سے لکھے گئے ایسے خطوط اس دور کی حکمرانی کی تصویر کھینچتے ہیں ۔جیل حکام کی سخت گیری کو بھی لاکھوں آزاد لوگوں تک پہنچا دیتے ہیں ۔اور اگر قیدی قید تنہائی سے گزر رہا ہو تو انسانی نفسیات کی سچی کیفیات سامنے آتی ہیں ۔
اردو ادب کے نقادوں نے کہا "India wins freedom "مولانا ابو کلام آزاد کی سیاسی زندگی ہے اور غبارِ خاطر انکی روحانی زندگی۔
یقیناً یہ حقیقت ہے اور ایک عالمگیر سچائی بھی کے قید تنہائی میں انسان اپنےآپ سے بہت اطمینان سے ہم کلام ہوتا ہے اسکے ماضی کا ایک ایک لمحہ اس کے ذہن سے بار بار گزرتا ہے وہ اپنا تجزیہ بھی کرتا ہے اور احتساب بھی، اپنی کمزوریوں سے بھی آشنا ہوتا ہے اور اپنی طاقت سے بھی، ماضی کی غلطیاں شناخت کر کے وہ اپنے مستقبل کی درست حکمت عملی مرتب کرتا ہے ۔مفکرین کا کہنا ہے کہ قید تنہائی کا سب سے اہم حاصل یہی ہے کہ انسان اپنے ایک ایک ورق کا مطالعہ بہت یکسوئی سے کر لیتا ہے۔ ایک آدمی جسے انگریز نے قید کر کے سمجھا کہ اسے خاموش کر دیا اس نے قید میں ہی بیٹھ کر اردو کی سب سے خوبصورت کتاب لکھ دی۔
تاریخ بتاتی ہے کہ جیل سے لکھے گئے خطوط مختلف صدیوں میں دنیا میں نئی فکری سماجی علمی تحریکوں کا نقطہ آغاز بھی بنتے رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں سیاہ فاموں کی تحریک خود مختاری کے رہنما نیلسن منڈیلا پر ڈیل کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔ 1985ء میں کہا گیا کہ اپنی انتہائی پالیسی چھوڑ دیں رہا کر دیئے جائیں گے اور مذاکرات میں شامل ہوں منڈیلا نے اپنی بیٹی کے ذریعے جواب دیا
Only free man can negotiate prisoners cannot enter into contracts
صرف آزاد بندے ہی مذاکرات کر سکتے ہیں قیدی معاہدے نہیں کر سکتا ۔تاریخ میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب قیدی رہنماؤں نے معافی مانگ لی۔ لکھ کر دیدیا کہ وہ 10سال تک سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہیں نہ صرف معاف کر دیا گیا بلکہ وہ رہا ہو کر ملک سے باہر بھی چلے گئے۔ قید تنہائی کے انتہائی خطرناک طبی نتائج پر عالمگیر قوانین کو Mandela rules کا نام دیا گیا اور کہا گیا کہ 15 دن سے زیادہ قید تنہائی تشدد کے برابر ہے۔ اقوام متحدہ نے اس کا نام منڈیلا رولز بھی اسی لیے رکھا تھا کہ اس وقت تک منڈیلا ہی اس تشدد کا سب سے زیادہ شکار رہے تھے۔
قید تنہائی کو سب آمروں نے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ۔فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے دور میں حسن ناصر شہید قید تنہائی میں مبتلا کیے گئے۔ نامور صحافی مصنف حمید اختر بھی طویل عرصہ قید تنہائی میں رہے۔ پرندوں چیونٹیوں سے گفتگو کرتے رہے۔آج کل ان کا جشن صد سالہ منایا جا رہا ہے ۔اپنی اس قید کی روداد اس عظیم ترقی پسند مصنف نے: کال کوٹھڑی: میں بہت دل گداز انداز میں قلم بند کی ہے۔ یہ بھی اردو کی کلاسک میں شامل ہے۔
ممتاز برطانوی ناول نویس چارلس ڈکنز نے 1842 میں ایک جیل کا دورہ کیا جہاں ایک مخالف فرقے کے لوگوں کو رکھا جاتا تھا ۔سرکارکا فلسفہ یہ تھا کہ مجرم کو اکیلا کر دو وہ اپنے خیالات پر غور کرے گا خود توبہ کرے گا ،سدھر جائے گا ۔ڈکنز نے یہ صورتحال دیکھ کر کہا تھا کہ یہ جسم پر تشدد نہیں ہے یہ دماغ سے خطرناک سلوک ہے اور کسی کو زندہ دفن کرنے کے برابر ہے ۔
نیلسن منڈیلا ایک جیل میں چھ سال تک تنہائی میں محصور رہے وہ اپنی خود نوشت میں کہتے ہیں ۔قید تنہائی جیل کی زندگی میں منفی طور پر متاثر کرنے والا سب سے خطرناک عمل ہوتا ہے ۔اس کا کوئی آغاز ہوتا ہے نہ انجام ۔نہ ترتیب اور نہ کوئی حاصل۔ صرف دماغ ہے جو ادھر ادھر گھومتا رہتا ہے اور ایک دن تھک جاتا ہے ۔ قید تنہائی پر عالمی خصوصی معالجین نے بھی تشخیص کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ قید تنہائی میں تین دن کے بعد نیند خراب ہونے لگتی ہے۔ 15دن بعد توہمات گھیر لیتے ہیں۔ اشتعال آنے لگتا ہے۔ پھر یادداشت متاثر ہوتی ہے ۔30دن بعد انسان قسم قسم کی آوازیں سننے لگتا ہے۔ یہی ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ایک سال بعد دماغ کا وہ حصہ سکڑنے لگتا ہے ۔جو یادداشت بناتا ہے اور یادیں محفوظ رکھتا ہے۔
کتابوں میں یہ بھی لکھا گیا کہ جیل کی دیوار انسان کو قید کرتی ہے۔ قید تنہائی انسان کے دماغ کو محصور کرتی ہے ۔دیوارِ زنداں تو ایک دن گر جاتی ہےلیکن اگر دماغ شکستہ ہو جائے تو پھر اس کو جوڑنا مشکل ہوتا ہے ۔جیل میں اگر کوئی تنہا ہے اور اس کو اپنے سلام کا جواب بھی نہیں ملتا۔ کوئی اس سے ہم کلام نہیں ہوتا تو اس کے دل و دماغ پر اور اعصاب پر کیا گزرتی ہوگی۔مغرب ہو یا مشرق تاریخ شہادت دیتی ہے کہ سخت قید تنہائی میں یا تو بہت خطرناک مجرموں اور قاتلوں کو رکھا گیا یا جن سے بادشاہوں یا حکمرانوں کی ذاتی دشمنی ہو گئی۔پاکستان میں بھی بہت سے بے گناہ قیدی قیام پاکستان سے اب تک رہے ہیں جن کو حکمرانوں نے کہا کہ جب تک میں تخت پر ہوں یہ بندہ جیل میں رہے گا اور ان حکمرانوں نے اپنا یہ وعدہ پورا بھی کیا ۔
اللہ تعالی سے یہ التجا ہے کہ انسان جو اللہ تعالی کا زمین پر نائب ہے وہ حکمرانوں کے ذاتی عتاب سے محفوظ رہے۔ان دنوں ہمارے حلقہ احباب اور سیاحت کی صنعت کو ایک دکھ بھری خبر سے دو چار ہونا پڑا۔ سندھ سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر سید فیاض علی شاہ گزشتہ سنیچر اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔سندھ بلکہ ملک سیاحت کے فروغ کیلئے ایک پرعزم اعلیٰ افسر سے محروم ہو گیا ۔ اپنے تین سالہ دور میں انہوں نے سندھ کی تاریخی تفریحی روحانی سیاحت کو زندہ کر دیا ۔کھوکھرا بار موہنجوڈارو کیلئے سفاری ٹرین شروع کی ۔اب سفاری ٹرین سکھر لے جانے کا منصوبہ تھا۔ ملک میں ویسے ہی پرخلوص دیانت دار اعلی افسروں کا قحط ہے اور اس طرح ایک قومی لگن رکھنے والے سید فیاض علی شاہ کی اچانک رحلت سے مزید خلا پیدا ہو گیا ہے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے آمین۔

Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Telegram Email
Editor

    Related Posts

    سندھ میں چار صوبے بنانے کی باتیں کرنے والے ایسا ہرگز نہیں کر سکتے۔وزیراعلیٰ سندھ

    نومبر 19, 2026

    انڈیا کے پاس 36 میں سے 32 رافیل طیارے باقی رہ گئے۔ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری نے پاکستانی موقف کی تائید کردی

    نومبر 19, 2026

    موسیقی کے عالمی ایوارڈز گریمی 2027 کی نامزدگیوں کااعلان،7فروری 2027 کوتقریب ہوگی

    نومبر 19, 2026

    Comments are closed.

    Latest Posts

    جیل سے ایک خط

    نومبر 19, 2026

    ری سیٹ پاکستان،صدرِ مملکت کون ہو گا ؟

    نومبر 18, 2026

    انگلینڈ اور شناختی تفاخر!

    نومبر 18, 2026

    جماعت اسلامی کے ممتازرہنماامیرالعظیم کی حیات وخدمات پر مشتمل کتاب”امیر العظیم،چراغ راہ”شائع ہوگئی

    نومبر 17, 2026

    حالیہ اسرائیلی انتخابات

    نومبر 17, 2026

    سندھ کی تقسیم، انتظامی اصلاح یا تاریخ سے انکار؟

    نومبر 17, 2026
    Facebook X (Twitter) Pinterest Vimeo WhatsApp TikTok Instagram
    All Right Reserved © Vision Point PK 2026 . Managed by Vision Point

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.