کرکٹ کے میدان سے سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام تک کا سفر طے کرنے والے سابق کرکٹر سعید انور نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سیمینار میں واضح کیا ہے کہ حقیقی دینداری محض زبانی دعوؤں یا ظاہری رسومات کا نام نہیں، بلکہ کردار، معاملات اور دوسروں سے حسنِ سلوک میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو عملاً نافذ کرنے میں ہے۔ سعید انور کے مطابق معاشرے کی اصلاح اور مضبوطی کے لیے اللہ سے تعلق، سنت کی پیروی اور خدمتِ خلق بنیادی شرط ہیں، جبکہ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تعلیمی، تربیتی اور انتظامی ڈھانچے میں نبوی تعلیمات کی روح سمونا اور نوجوانوں کا سیرتِ طیبہ ﷺ و صحابہ کرامؓ کے اخلاق سے جڑنا ناگزیر ہے۔
سیمینار میں یونیورسٹی حکام، ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امت کے اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے دعا کی گئی۔

