لاہور میں گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ طور پر ناجائز قبضے کی کوشش کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملت پارک پولیس نے شازیہ منظور کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو حراست میں لیا ہے۔
مقدمے کے مطابق ملزمان پر گلوکارہ کو کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور متنازع جائیداد پر پہنچ کر کرایہ داروں کو دھمکانے کا الزام ہے۔ واقعے میں وکیل کے نام سے پمفلٹس تقسیم کیے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پمفلٹس کی تیاری اور تقسیم میں مبینہ جعلسازی کے پہلو پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

