(صغری صدف)
کچھ لوگوں کے لفظوں میں بسی تاثیر قاری کے ساتھ ایک خاص رشتہ قائم کر لیتی ہے،محمد خان ابڑو بھی ایسی ہی ایک شخصیت ہیں جنہوں نےلکھنا شروع کیا تو لفظوں کو برکت،محبت اور احساس کے نئے معانی سے آشنا کر دیا،ابھی ان کی پہلی کتاب کا سحر برقرار تھا کہ ان کی ایک اور خوبصورت تحریر ’’دیارِ حرم کی داستان‘‘ منظرِ عام پر آ گئی جو ایک سفرنامے کی صورت میں ہے۔ دیارِ حرم کی داستان محض الف سے ی تک سفر کی روداد نہیں، نہ ہی کسی روایتی قصے کی طرح اسکا کوئی طے شدہ آغاز اور اختتام ہے،یہ دراصل دل پر گزرنے والی مختلف کیفیات، احساسات، عقیدت اور روحانیت کے ثمرات سے سجی ایسی تحریر ہے جس میں سفر صرف راستوں اور مقامات کا نہیں بلکہ باطن کی دنیا کا بھی ہے۔
نور احمد میمن کے دل آویز پیش لفظ سے لے کر آخری سطر تک ہر لفظ عشق میں ڈوبا ہوا محسوس ہوتا ہے،یہ داستان محض عبادات، مذہبی رسوم اور ثواب و نیکی کے روایتی تصورات تک بھی محدود نہیں بلکہ رب کی ذات میں اک مک ہو جانے کا ایک روحانی تجربہ ہے،اپنے تمام ظاہری تفاخر اور امتیازات کو بھلا کر انسانیت کی اصل حقیقت سے آشنا ہونے کا سفر، انسان دوستی، توکل، قربانی، اخوت اور مساوات کی داستان۔اس کتاب میں کیلنڈر سے بندھی ہوئی تاریخوں اور مقامات کی ترتیب سے زیادہ اہمیت دل میں جنم لینے والے احساسات، باطن کی کیفیات اور روح کی تڑپ کو حاصل ہے،شاید یہی اس کی اصل جاذبیت ہے کہ یہ محض سفر کی تفصیل نہیں بلکہ قاری کو اپنے ساتھ لیکر چلنے اور ہر کیفیت میں شریک کرنے کی کوشش ہے،عالمِ بے خودی میں بھی۔
مِنیٰ اور عرفات میں بیس لاکھ سے زائد حجاج کیلئے کیے گئے اعلیٰ انتظامات، صفائی ستھرائی، بسوں اور ریل کے نظام کی تعریف اور تحسین مصنف کے قلم سے چھپی نہیں رہتی، اس روحانی فضامیں پاکستان کا سیاسی، سماجی اور قومی منظرنامہ بھی ساتھ ساتھ چلتا دکھائی دیتا ہے۔ایک طرف پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا اردو زبان میں گفتگو کرنا اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت و اپنائیت کا اظہار کرنا خوشگواریت کا باعث ہے تو دوسری طرف دنیا کے مختلف ملکوں سے آئے اجنبی زبانیں بولنے والے سرحدوں اور قومیتوں سے ماورا لوگوں کے درمیان خاموش باہمی تعلق ایک ایسی یکجہتی کا احساس دلاتا ہے جو اس سفرنامے کے بنیادی پیغام، یعنی محبت، اخوت اور انسانیت کو مزید گہرا کر دیتا ہے۔اس کتاب کا ہر لفظ کہتا ہے کہ حج دراصل صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا سلیقہ،انسانوں کے ساتھ رہنے کا شعور اور مساوات کا عملی درس بھی ہے،جب مختلف نسلوں، قومیتوں، زبانوں اور معاشی طبقات سے تعلق رکھنے والے لاکھوں انسان ایک ہی میدان میں ایک جیسے لباس میں اپنے رب کے حضور کھڑے ہوتے ہیں تو وہاں کوئی چھوٹا بڑا،امیر غریب یا اعلیٰ و ادنیٰ نہیں رہتا،سب کی شناخت ایک ہوتی ہے اور سب کا مرکز و محور ایک ہی ذات ہوتی ہے۔
لاہور میں وجدان کی طرف سے دیارِ حرم کی داستان کی تقریبِ رونمائی کا اہتمام کیا گیا جسکی صدارت معروف صحافی اور تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے کی جبکہ حفیظ اللہ نیازی مہمانِ خصوصی اور پارلیمانی سیکریٹری سلطان علی رانجھا مہمانِ اعزاز تھے ،خالد شریف، عبدالرزاق ایزد، ، قانع ادا ، طارق صحرائی ، قرۃ العین عینی ،جاوید چوہدری ، مشکور صدیقی، سرور سکھیرا ، ایم آر شاہد، نبیل نجم اور ڈاکٹر صغرا صدف سمیت دیگر اہلِ قلم نے اظہارِ خیال کیا، مقررین نے کتاب کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے مصنف کے خلوص، گہری قلبی وابستگی اور روحانی تڑپ کو سراہا اور اسے ایک منفرد سفرنامہ قرار دیا۔یہ محض ایک کتاب کی رونمائی نہیں تھی بلکہ ایک ایسی پرنور ادبی نشست تھی جس کا ہر لمحہ کتاب کی محبت، عقیدت اور روحانیت سے معمور دکھائی دیتا تھا، یوں محسوس ہوتا تھا جیسے کتاب کے لفظوں میں بسا ہوا روحانی سفر تقریب میں شریک ہر شخص کے دل تک پہنچ چکا ہو۔سہیل وڑائچ نے اپنے صدارتی خطاب میں محمد خان ابڑو کی غیرمعمولی قوتِ تحریر، فکری دبنگ پن اور اظہار کی جرأت کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا،انہوں نے مصنف کے بے باک قلم اور تحریری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے ادبی سفر کی اہمیت اجاگر کی۔
دیارِ حرم کی داستان پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ بعض سفر انسان کو صرف نئی جگہوں سے متعارف نہیں کراتے بلکہ اپنے اندر جھانکنے،خود کو پہچاننے اور زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں،محمد خان ابڑو کا یہ سفرنامہ بھی ایسا ہی ایک تجربہ ہے جس میں راستوں سے زیادہ منزل،مناظر سے زیادہ احساسات اور ظاہری سفر سے زیادہ باطنی کیفیات اہمیت رکھتی ہیں،یہ کتاب ختم ہو جاتی ہے مگر اس کے لفظوں میں بسا حرم کا عشق،انسانیت کا پیغام اور روحانی تجربات دیر تک قاری کے دل میں اپنی جگہ بنائے رکھتے ہیں،یہی کسی اچھی کتاب کی اصل کامیابی ہے۔

