لوگ ابھی ابو بکر اور زریاب کے سحر سے نہیں نکلے تھے کہ درِ نجات ڈرامے کے دو نئے کرداروں ’بیلا اور امان‘ نے لوگوں کو نہ صرف اداکاری، بلکہ مکالموں کے ساتھ ساتھ ان کی ظاہری شکل و صورت اور انداز سے بھی اپنی طرف بھر پور متوجہ کیا ہے۔
شائقین کا خیال ہے کہ اس ڈرامے میں ایک نسل پہلے کے اخلاقی اور جذباتی اقدار کے ساتھ ساتھ فیشن اور پہناوے کو بھی پیش کرنے میں پروڈکشن ٹیم نے کافی توجہ اور محنت سے کام لیا ہے۔ سوشل میڈیا تبصروں میں ان کی تعریف ہو رہی ہے اور کچھ دلچسپ نقطے بھی اجاگر کیے جا رہے ہیں۔
ڈرامہ درِ نجات کے لیے کسی ایک باقاعدہ سٹائلسٹ کا نام تو سامنے نہیں آیا۔ تاہم شائقین کی دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد مرکزی اداکاروں کے ملبوسات مختلف فیشن ڈیزائنرز کے براہِ راست اشتراک اور معروف ریٹیل برانڈز کی معلومات سامنے آییں جہاں سے یہ سب منتخب کیا گیا۔
اس ڈرامے کے مقبول کردار ابو بکر کے والدہ ’خوش بخت‘ وہ تیسرا مرکزی کردار ہیں جو زریاب اور ابو بکر کے بعد سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
نہ صرف ان کا دھیما میٹھا لہجہ مداحوں کا دل جیت لیتا ہے بلکہ کچھ شائقین کے خیال میں ان کا ’غیر حقیقی حد تک متحمل مزاج ہونا اور بڑی بڑی باتوں پر در گزر‘ کرنا بھی انھیں ہر دلغزیز بناتا ہے۔ جس کے بعد بقول سوشل میڈیا صارفین ’ہر ایک کو خوش بخت جیسی ساس چاہیے۔‘
لیکن جو لوگ شروع سے متجسس تھے کے وہ اتنی اچھی کیوں ہیں۔ ان کے لیے ڈرامہ نے نیا موڑ لیا اور خوش بخت کا ماضی دکھایا گیا۔
اس قصہِ ماضی میں وہ ایک نوجوان خوبصورت ضدی لڑکی ’بیلا‘ کی صورت میں سامنے آئیں۔

