معروف آسٹریلوی ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر اسٹار برونسن ریڈ 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا اصل نام جرمن ہیلے (Jermaine Haley) تھا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئے۔ تاہم ان کی موت کی مخصوص وجہ نہیں بتائی گئی۔
برونسن ریڈ کو رواں ماہ 7 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں کراؤن جیول ایونٹ کے دوران شدید چوٹیں آئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسلنگ ایونٹ کے دوران برونسن ریڈ کی کئی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں۔ اس کے علاوہ ان کے پھیپھڑوں اور گردے کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
وہ علاج کے لیے سعودی عرب میں مقیم رہے اور 18 نومبر کو اپنے وطن واپس پہنچے تھے۔
تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان چوٹوں اور ان کی موت کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی۔ کمپنی نے صرف طبی پیچیدگیوں کو ان کی موت کی وجہ بتایا ہے۔
برونسن ریڈ نے 2007 میں ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔ وہ 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے اور جلد اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے این ایکس ٹی نارتھ امریکن چیمپئن شپ بھی جیتی۔ بعد ازاں انہوں نے جاپان سمیت کئی دیگر ریسلنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔
وہ 2022 میں دوبارہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں شامل ہوئے اور اپنی صلاحیتوں سے مداحوں کی توجہ حاصل کی۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ان کے پسماندگان میں حاملہ اہلیہ پیج اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
کمپنی نے انہیں ایک بہترین ریسلر، اچھا انسان اور خاندان سے محبت کرنے والا شخص قرار دیا۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور ساتھی ریسلرز سے بھی تعزیت کی ہے۔

