(عرفان صدیقی)
کسی زیرِ تعمیر مکان کے سامنے چند منٹ کھڑے ہو کر دیکھیے۔ صبح ریت سے بھرا ٹرک آتا ہے، پھر سریا اترتا ہے اور دوپہر تک سیمنٹ کی بوریاں پہنچ جاتی ہیں۔ مکان بنوانے والا شاید ساری عمر کرایہ دیتا رہا ہو اور پہلی بار اپنی چھت ڈالنے جا رہا ہو۔ اس کیلئے یہ ایک گھر کی تعمیر ہے، مگر اس کے خرچ سے ایک مزدور کی دیہاڑی، ایک دکاندار کی فروخت اور ایک کارخانے کا آرڈر بھی بنتا ہے۔ اب یہی کام ملک بھر میں ہزاروں جگہ ایک ساتھ شروع ہو تو اندازہ ہوتا ہے کہ عام آدمی کے ہاتھ میں پہنچنے والے ایک ہزار ارب روپے معیشت کا پہیہ کیسے تیز کر سکتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالا تو قرضوں کی ادائیگی کا بھاری دباؤ تھا اور معاشی سرگرمی سست تھی۔ پھر خلیجی کشیدگی نے تیل کی قیمتوں کے ذریعے دباؤ بڑھایا۔ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے زمانے سے شہباز شریف کی پہچان ایک ایسے منتظم کی رہی ہے جو منصوبوں کی پیش رفت پر خود نظر رکھتا ہے۔ اب معاشی حالات میں کچھ گنجائش پیدا ہوئی ہے تو ان کی حکومت نے اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے کرایہ دار کو اپنا مکان بنانے کا موقع مل سکتا ہے اور اس کی تعمیر سے ملک کے اندر کام اور کاروبار دونوں بڑھ سکتے ہیں۔حکومت کے مطابق سو ارب روپے سے زائد کے ہاؤسنگ قرضے جاری ہو چکے ہیں اور وزیراعظم نے اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے جاری کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ اگر اوسط قرض پچاس لاکھ روپے ہو تو اس رقم سے تقریباً دو لاکھ ہاؤسنگ قرضے دیے جا سکتے ہیں۔ کتنے نئے مکان بنیں گے، اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کتنی رقم نئی تعمیر کیلئے جاری ہوتی ہے۔ کرایہ دارکیلئے فیصلہ پیشگی رقم، ماہانہ قسط اور قرض کی منظوری پر ہوگا۔ قسط استطاعت میں ہو اور رقم وقت پر مل جائے تو وہ تعمیر شروع کر سکے گا۔تعمیر شروع ہوتے ہی یہ رقم ایک گھر تک محدود نہیں رہتی۔ دیواروں کے ساتھ اینٹ، سیمنٹ اور سریے کی طلب بڑھتی ہے۔ چھت پڑنے کے بعد پائپ، تار، ٹائل، شیشہ، دروازے اور رنگ خریدے جاتے ہیں۔ تعمیرات سے جڑی درجنوں صنعتوں اور کاروباروں میں یہ خرچ آگے منتقل ہوتا ہے۔ مستری اور الیکٹریشن کو کام ملتا ہے، دکاندار دوبارہ سامان منگواتا ہے اور فیکٹری تک نیا آرڈر پہنچتا ہے۔ ایک ہزار ارب روپے کی اصل معاشی اہمیت اسی گردش میں ہے۔ رقم اگر بروقت عام گھرانوں تک پہنچے اور اس کا بڑا حصہ تعمیر پر لگے تو روزگار اور کاروبار میں اس کا اثر ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں محسوس ہو سکتا ہے۔سامان کی یہ ساری نقل و حرکت سڑک سے ہوتی ہے۔ ٹرک تاخیر سے پہنچے تو گودام میں مزدور انتظار کرتے ہیں اور اگلی ترسیل کا وقت بھی بدل جاتا ہے۔ جاپان میں کاروبار کرتے ہوئے میں نے دیکھا ہے کہ وقت پر مال پہنچنے کا بھروسا روزمرہ کاروبار میں کتنی اہمیت رکھتا ہے۔اسی لیے حیدرآباد، سکھر موٹروے، ایم سکس کے پہلے دو حصوں کی منظوری کراچی کے تاجروں کیلئے اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے موٹروے منصوبوں کیلئے سرکاری اور نجی شراکت داری کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت دی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اس سمت میں ایک عرصے سے تاخیر کا شکار منصوبے کو آگے بڑھا کر جرأت مندانہ قدم اٹھایا ہے۔ اس پیش رفت کا پورا فائدہ حاصل کرنے کیلئےکراچی، حیدرآباد ایم نائن پر بھی معیاری مرمت، پیدل گزرنے والوں کیلئے محفوظ راستے اور خطرناک طریقے سے لدے ٹرکوں پر قانون کا نفاذ ضروری ہے۔ بندرگاہ سے نکلنے والے ٹر ک کیلئے پورا راستہ اہم ہے۔پٹرول کی قیمت کا اثر سمجھنےکیلئے پمپ پر اس موٹر سائیکل سوار کی بات سنیں جو کہتا ہے کہ پانچ سو روپے کا پٹرول ڈال دیں۔ قیمت کم ہو تو وہ اکثر پانچ سو روپے ہی دیتا ہے، مگر دوبارہ پمپ پر کچھ دیر سے آتا ہے۔ اپریل میں قیمتوں پر شدید دباؤ کے بعد عالمی نرخوں میں تبدیلی اور حکومتی اقدامات سے قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ 28 نومبر سے پٹرول مزید ایک روپیہ سستا ہو کر 312روپے فی لیٹر ہوا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رہی۔ روزانہ کام پر جانے والے کو کمی کا اثر کئی ہفتوں کے مجموعی خرچ میں محسوس ہوتا ہے۔اس معاملے میں جماعت اسلامی نے مہنگے ایندھن کا مسئلہ اٹھا کر عوام کی نمائندگی کی۔ شہباز شریف کا قابلِ تعریف قدم یہ ہے کہ انہوں نے وفد کی تجاویز سنیں اور ان پر مزید کام کیلئے کمیٹی قائم کی۔ وزیراعظم کے مطابق وفاق پٹرولیم مصنوعات پر 128ارب روپے کا ریلیف دے چکا ہے۔ اس مشاورت کا فائدہ تب سامنے آئے گا جب روزانہ پٹرول خریدنے والوں تک سہولت آسانی سے پہنچے۔معیشت کا پہیہ گھمانے میں عام آدمی کا کردار اسی وقت نظر آتا ہے جب اسے خرچ کرنے اور کام کرنے کی گنجائش ملتی ہے۔ ایک ہزار ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے اس گنجائش کو بڑھا سکتے ہیں۔ کرایہ دار تعمیر شروع کرے گا تو مزدور کو کام ملے گا، کارخانے کو آرڈر اور ٹرک والے کو باربرداری۔ محفوظ موٹروے اس سامان کو وقت پر پہنچانے میں مدد دے گی اور پٹرول پر ریلیف کام پر جانے والے کے روزانہ خرچ میں فرق ڈالے گا۔ معاشی بہتری کی خبر اس گھر تک اسی دن پہنچے گی جب اسے اپنے حساب میں یہ فرق دکھائی دے گا۔

