لاہور میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب صرف چالان نہیں ہوگا بلکہ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی، تیز رفتاری، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی چالان کے بجائے مقدمات درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نمبر پلیٹ پر چھپائی کرنے، اس میں ردوبدل یا گاڑی کی شناخت چھپانے پر بھی مقدمہ درج ہوگا۔
سی ٹی او کے مطابق سڑکیں بلاک کرنے، تیز رفتاری، ریش ڈرائیونگ اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خطرناک انداز میں زگ زیگ ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔


