الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کے حلقوں کی جزوی ازسرِنو حدبندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، انتظامی تبدیلیوں کے بعد سوات، کرک، ہنگو اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف حلقوں کی نئی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق این اے دو سوات ون میں بحرین، خوازہ خیلہ اور چارباغ سمیت بابوزئی کے چھ پٹوار سرکلز شامل ہوں گے، جبکہ این اے تین سوات میں مینگورہ، بریکوٹ اور کبل کے بعض پٹوار سرکلز شامل کیے گئے ہیں۔ این اے چار سوات ٹو میں تحصیل مٹہ اور کبل کے بیشتر علاقے شامل ہوں گے۔ این اے چھتیس ہنگو کم اورکزئی کم کرک میں درشی اور متوخیل کے مواضعات شامل کیے گئے ہیں، جبکہ این اے اڑتیس کرک کی نئی تشکیل کے دوران دو مواضعات نکال دیئے گئے ہیں۔ این اے تینتالیس ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان کم پہاڑپور میں ٹانک اور کلاچی کی تحصیلیں شامل ہوں گی، جبکہ این اے چوالیس ڈیرہ اسماعیل خان میں کینٹ، ڈیرہ شہر اور شورکوٹ، جبکہ این اے پینتالیس میں درابن، پروآ، درازندہ اور مریالی شامل ہوں گے۔ واضح رہے خیبرپختونخوا حکومت نے بالائی سوات اور پہاڑپور کے نئے اضلاع قائم کیے تھے، جبکہ کرک اور ہنگو کی انتظامی حدود میں بھی تبدیلیاں کی گئی تھیں


