ایف بی آر نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ضبط شدہ سامان کی آن لائن نیلامی کے نئے قواعد تیار کر لیے۔ سیلز ٹیکس رولز 2026 میں نیا باب شامل کردیا گیا۔ نئے ای آکشن سسٹم کے تحت فراڈ ثابت ہونے پر نیلام شدہ سامان واپس لینے کا اختیار ہوگا، جبکہ اسلحہ، منشیات اور جعلی اشیا کی نیلامی پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
دستاویز کے مطابق ضبط شدہ سامان کی تمام تر نیلامی الیکٹرانک نظام کے ذریعے کی جائے گی۔ نیلامی میں حصہ لینے کے لیے 25 ہزار روپے یکمشت فیس اور درست شناختی کارڈ کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن لازمی ہوگی، جس کے بعد بولی دہندہ کو منفرد نمبر جاری کیا جائے گا۔
سامان کی کم از کم قیمت مقرر کرنے کے لیے ویلیوایشن کمیٹی قائم کی جائے گی۔ آن لائن بولی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ 3 مرتبہ نیلامی ناکام ہونے پر قیمت میں 10 فیصد تک کمی کی جا سکے گی۔ خصوصی حالات میں مقررہ قیمت کے 80 فیصد تک کی بولی بھی قابلِ قبول ہوگی۔
کامیاب بولی دہندہ کو 7 روز میں مکمل رقم، ٹیکسز اور ڈیوٹیز ادا کرنا ہوں گی جس کے بعد الیکٹرانک ریلیز آرڈر جاری ہوگا، جبکہ مقررہ وقت میں ادائیگی نہ کرنے پر بولی کی سیکیورٹی ضبط اور کمشنر کے پاس نیلامی منسوخ کرنے کا مکمل اختیار ہوگا۔


