ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مرغی کا گوشت 12.20 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پیاز کی قیمت میں 4.19 فیصد، شرٹنگ کپڑے میں 1.86 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی میں 1.66 فیصد اضافہ ہوا، آٹے کی قیمت بھی ہفتہ وار بنیادوں پر ایک فیصد بڑھ گئی۔
اس کے علاوہ لہسن، جلانے کی لکڑی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد کمی ہوئی، جبکہ پٹرول 3.63 فیصد اور ڈیزل 1.68 فیصد سستا ہوا، جبکہ کیلے کی قیمت میں 2.42 فیصد، آلو میں 1.38 فیصد اور دال چنا میں 0.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈوں اور پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
اسی طرح سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 107.12 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 72.81 فیصد اور بجلی کے نرخ 58.59 فیصد بڑھ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران پٹرول کی قیمت میں 44.17 فیصد اور ڈیزل میں 41.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مرغی کا گوشت 38.99 فیصد اور آٹا 36.49 فیصد مہنگا ہوا، مٹن کی قیمت میں 14.66 فیصد، بیف میں 12.10 فیصد، سادہ ڈبل روٹی میں 10.82 فیصد اور تیار چائے کی قیمت میں 8.36 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 71.72 فیصد، آلو میں 40.75 فیصد اور چینی میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ انڈوں کی قیمت بھی گزشتہ ایک سال کے دوران 22.14 فیصد کم ہوئی۔
ہفتہ وار رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ایل پی جی، مرغی کے گوشت، آٹے اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کی مجموعی شرح کو مزید بڑھا دیا ہے۔


