بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے موثرکارروائی میں فتنہ الہندوستان کے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے حملے کے خلاف موثر اور فوری کارروائی کرتے ہوئے 5 ڈرون مارگرائے۔
فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ضلع خاران کے علاقے البٹ میں قائم چیک پوسٹ کو کم درجے کے ڈرونزسے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ بروقت ردعمل میں پانچوں ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیئے گئے، کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ کے مینازمیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،جہاں دہشت گردوں نے دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نےفرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا،اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا،ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

