پاکستان نےعالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی آوازمؤثر بنانے کےلیےجی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین بن گئے ہیں۔
اس موقع پرمحمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی اورمنصفانہ مالیاتی نظام کے لیے آواز بلندکرے گا،عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینےکی ضرورت ہے،معاشی استحکام کےثمرات سرمایہ کاری،روزگار اورعوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنےچاہئیں۔
وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زوردیا،ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت فراہم کی جائے،قرضوں کے مسائل کا پائیدارحل نکالا جائے اورموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان جی 24 کی سربراہی میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرےگا،ترقی پذیرممالک میں سرکاری اورنجی سرمایہ کاری بڑھانے کےساتھ معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہوگی۔
انکاکہنا تھاکہ جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیرممالک کےعوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے ،پاکستان ترقی پذیرممالک کی اجتماعی آوازکو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیےاپنا کردار ادا کرے گا۔

