وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے عالمی دن (ورلڈ چلڈرن ڈے) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ ان کا لختِ جگر ہے جو اپنی اولاد کی مانند ان کا مستقبل، ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پنجاب کے تمام بچوں کو محبت اور دعاؤں بھرا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بچے محفوظ ہوں، وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے اور پنجاب حکومت کا ہر قدم نونہالوں کی بھلائی، حفاظت اور خوشیوں کے لیے اٹھ رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حکومت کے فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بچوں کی صحت اور اعلیٰ تعلیم ان کی پہلی ترجیح ہے۔ چائلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی گئیں جبکہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو انسولین کِٹس ان کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ اسی طرح آٹسٹک بچوں کے لیے پاکستان کے خصوصی آٹزم سکول قائم کیے گئے ہیں اور خصوصی بچوں کو مصنوعی اعضا، ہیرنگ ایڈز اور ویل چیئرز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
تعلیمی اصلاحات اور غذائیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ننھے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے لیے ہر ضلع میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن قائم کیے جائیں گے۔ سرکاری سکولوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے جنوبی پنجاب میں سکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ بھوک تعلیم کی راہ میں حائل نہ ہو۔
بچوں کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں چائلڈ لیبر کے انسداد کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور بچوں کے خلاف تشدد و بھیانک جرائم کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام بچوں کی گمشدگی، استحصال اور خطرات کے کیسز کو جدید ترین نظام کے تحت حل کر رہا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر مریم نواز شریف نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب کوئی بچہ محروم، لاچار یا نظر انداز دکھائی دے تو انہیں نیند نہیں آتی، اور جب تک ہر بچے کی آنکھ میں خوبصورت مستقبل کی چمک نہیں آتی ان کی جدوجہد مکمل نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کا ہر بچہ پڑھے گا، صحت مند ہوگا اور مسکرائے گا کیونکہ ایک ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔

