نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے اہلِ خانہ نے ملزم کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری بھی منظور ہوگئی ہے۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت میں جمعرات کے روز ملزم احسن طاہر کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے بعد ایڈیشنل سیشن جج خرم سلیم نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران مدعیِ مقدمہ خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل عدالت میں پیش ہوئیں اور مقتولہ کے اہلِ خانہ کا تحریری حلف نامہ جمع کرایا۔
عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں مقتولہ کے اہلِ خانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے مکمل تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن نے ان کی بہن کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا بلکہ یہ واقعہ ایک حادثہ تھا۔
حلف نامے کے متن کے مطابق مدعیِ مقدمہ نے ملزم احسن طاہر کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا ہے اور انہیں ملزم کی ضمانت منظور ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
اس سے قبل واقعے کے فوری بعد بھی سوشل میڈیا پر ربیعہ احسن کے اہلِ خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم اس وقت مقتولہ کے بھائی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

