محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ دھند کا عنصر نمایاں ہو رہا ہے۔ فضائی معیار کی مسلسل نگرانی اور آلودگی کے ذرائع پر کنٹرول کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ دوپہر کے وقت ہوا کی رفتار اور درجہ حرارت میں بہتری کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس میں بھی بہتری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بھارت سے آلودہ ہوائیں جنوب مشرقی سمت سے آ رہی ہیں، جب کہ ہوا کی رفتار 5 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 267 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر زیادہ آلودگی والے علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی انسپیکشن کی گئی۔
حکام کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 263 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 2 یونٹس سیل کیے گئے، جب کہ ایک صنعتی یونٹ کے خلاف مقدمہ درج اور 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح پنجاب بھر میں 404 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کے دوران 17 بھٹے سیل کیے گئے۔ ایک بھٹے کے خلاف مقدمہ درج کرکے 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں کے دوران 141 مقامات کی انسپیکشن کی گئی، 2 مقامات سیل کیے گئے اور 21 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

