جڑواں شہروں کی پولیس نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت سات افراد کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں علیمہ خانم، نورین خان اور عظمیٰ خانم شامل ہیں، جنہیں پولیس نے حراست میں لے کر ایک قیدی وین کے ذریعے منتقل کیا۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ حامد رضا، عمر ایواب، ملک احمد بھچر اور قاسم نیازی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تمام افراد کو باقاعدہ گرفتاری کے وارنٹس دکھا کر حراست میں لیا گیا۔ گرفتاری سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں اور پولیس کے درمیان زبردست تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔ بعد ازاں، تمام افراد کو قیدی وین میں بٹھا کر متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب، زرتاج گل، سیمابیہ طاہر اور تابش فاروق کو اس موقع پر گرفتار نہیں کیا گیا، حالانکہ وہ بھی اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔ گرفتاریوں کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی، جس سے موقع پر کشیدگی پیدا ہو گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اور کارکنان عمران خان کی رہائی کے لیے ملک بھر میں متحرک ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر ان کے اہلخانہ اور سیاسی رہنماوں کی موجودگی ایک سیاسی علامت بن چکی ہے، جس پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔