کراچی : مسلمز فار ٹرمپ کے سربراہ اور امریکی صدر کے حامی اور ساتھی ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو آج بھی اپنا اتحادی سمجھتا ہے، پی ٹی آئی لاکھوں ڈالرز خرچ کر کے بھی ٹرمپ کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کی وجہ سے امریکا کے لیے اہمیت رکھتا ہے، وہ 2015ء سے صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیں اور حامی ہیں پوری دنیا کے اندر سسٹم کی تبدیلی کے ساتھ گروپنگ ہورہی ہے اس تناظر میں اگر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کو دیکھا جائے تو وہ مسلم مخالف نہیں بلکہ دہشت گرد مخالف ہے۔
ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ دونلڈ ٹرمپ تو اس وقت دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں اور میرے جیسے کئی امریکن سمجھتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی خدمات پر امن کا نوبل انعام ملنا چاہئے کیونکہ وہ غزہ کی صورتحال کو لیکر اس کے پرامن حل کے متلاشی ہیں اور ساتھ ہی یوکرین میں بھی امن کے خواہاں ہیں۔
ساجد تارڑ نے کہا غزہ میں جو کچھ بھی ہوا ہے وہ جوبائیڈن کے وقت میں ہوا ہے ٹرمپ کے وقت میں نہیں صدر ٹرمپ غزہ میں ہونے والے قتل عام کو کسی صورت سپورٹ نہیں کررہے ہیں ۔