وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کیلئے نیشنل ٹیرف کمیشن افعال کردار ادا کرے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت 5 سال کی نیشنل ٹیرف پالیسی کے نفاذ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں شہبازشریف نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے، نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعالیت صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کیلئے نیشنل ٹیرف کمیشن افعال کردار ادا کرے، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے کمیشن میں جدت لائی جائے۔
اجلاس کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت مختلف شعبوں کے لیے ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی۔ کینسر سمیت دیگر ادویات کے خام مال کی درآمد پر عائد کسٹم ڈیوٹی بھی ختم کی جارہی ہے۔
متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ لاجسٹک کی ترقی کیلئے ریفرز کنٹینرز اور سیمی ٹریلرز پر ڈیوٹیز ختم کی جائے گی، تعمیراتی شعبے کیلئے اسپیشلائزڈ وہیکلز اور مشینری پر کسٹمز ڈیوٹیز کم کی جارہی ہے، فارماسیوٹیکل سیکٹر کو سہولیات دینے کے لیے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی ختم کی جائے گی۔
