بھارت نے اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) میں شامل ایمیزون، نیٹ فلکس، یوٹیوب اور جیوسینما سمیت تمام لائیو اسٹریمنگ ویب سائٹس پر پاکستانی مواد دکھانے پر پابندی عائد کر دی۔ بھارتی وزارت نشریات نے نوٹی فیکیشن جاری کر دیا۔
بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے 8 مئی کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو ہر طرح کا پاکستانی مواد دکھانے سے روک دیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں پاکستانی مواد کو دکھانا قومی سلامتی کے خلاف ہے، اس لیے پڑوسی ملک کے ہر طرح کے شوبز مواد کو فوری طور پر دکھانا بند کردیا جائے۔
بھارت نے اپنے ملک میں چلنے والے تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو پاکستانی مواد نہ دکھانے کی ہدایات جاری کیں۔
نیٹ فلیکس جیسے عالمی ادارے بھی بھارتی حکومت کے قوانین ماننے کے پابند یا نہیں، تاہم ممکنہ طور پر نیٹ فلیکس سمیت دیگر عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کسی طرح کا پاکستانی مواد بھارت میں نہیں دکھائیں گے۔
بھارت میں زیادہ تر چلنے والے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز ملٹی نیشنل ہیں، تاہم متعدد بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ بھی پاکستانی مواد نشر کرتی ہیں، کیوں کہ پاکستانی ڈراموں اور شوز کو بھارت میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔
او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد دکھانے کی پابندی سے قبل بھارتی حکومت نے نیوز چینلز کے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤںٹس سمیت ڈراما چینلز کے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگا دی تھی۔