انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے پولیس سے تعاون کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی درخواست میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا حکم دے دیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پراسیکیوشن نے بانی پی ٹی آئی کا جواب جمع کرایا، جس میں ڈی ایس پی لیگل نے موقف اپنایا کہ جب تک یہ ٹیسٹ نہیں ہوں گے، تفتیش مکمل نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسران بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کریں گے اور انصاف ہوتا نظر آئے گا، اور یہ کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی تفتیشی افسران کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے
عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے پولیس سے 9 جون کو رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی سے تفتیش اور ٹیسٹ کے لیے لاہور پولیس کی 13 رکنی ٹیم دو دن سے راولپنڈی میں موجود تھی، تفتیشی ٹیم نے 9 مئی کے لاہور کے 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنی تھی، تاہم عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے اور پولی گرافک، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا تھا۔