ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر سے 35 ہزار 216 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، اس وقت 208 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی پورٹ کئے جانے والوں میں 13 ہزار 766 مرد، 7 ہزار 61 خواتین اور 14 ہزار 389 بچے شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق واپس بھیجے گئے افراد میں 10 ہزار 954 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر تھے، اس کے علاوہ 13 ہزار 131 غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت جاری ہیں، صوبے بھر میں سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے رجسٹریشن، جانچ پڑتال اور واپسی کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی اور ان کے انخلا کیلئے قائم ہولڈنگ پوائنٹس پر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ وطن واپسی کے عمل کو منظم اور محفوظ بنانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
