وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے لیے مصر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے لیے مصر روانہ

اسلام آباد  — وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر مصر روانہ ہوگئے، جہاں وہ شرم الشیخ میں ہونے والے غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں عالمی رہنما غزہ میں جاری انسانی بحران، جنگ بندی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ سفارتی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق، شرم الشیخ امن سمٹ اُن سفارتی کوششوں کا تسلسل ہے جو گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران نیویارک میں شروع کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ 23 ستمبر کو امریکا کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں — مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ — کے ساتھ شرکت کی تھی۔

شرم الشیخ سمٹ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی توقع کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے غزہ میں انسانی امداد کے راستوں کو کھولنے اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے پر بات ہوگی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے