لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نوجوان کرکٹرز کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ایک معروف تعلیمی ادارے کے ساتھ تعلیمی اسکالرشپ پروگرام کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت کرکٹ کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیاء بھی شریک ہوئے۔
معاہدے پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور تعلیمی ادارے کے چیف ایگزیکٹو قاسم قصوری نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے مطابق، ملک کے 16 ریجنز سے تعلق رکھنے والے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے 120 نمایاں کھلاڑیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
یہ معاہدہ تین سال کے لیے نافذالعمل رہے گا اور اس کے تحت کھلاڑی اپنی تعلیمی و کرکٹری سرگرمیوں کو بیک وقت جاری رکھ سکیں گے۔
محسن نقوی نے اس شراکت داری کو ’’دور رس نتائج‘‘ کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا "یہ اقدام نوجوان کرکٹرز کے لیے نہ صرف تعلیمی معاونت فراہم کرے گا بلکہ انہیں میدان کے اندر اور باہر کامیاب زندگی گزارنے کے لیے مضبوط بنیاد بھی دے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی تعلیمی وظائف کے اس دائرہ کار کو مزید وسیع کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ اقدام پی سی بی کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی تعلیمی اور ذاتی نشوونما پر بھی توجہ دے رہا ہے۔
تعلیمی ادارے کی جانب سے اس اقدام کو نوجوانوں میں پیشہ ورانہ نظم و ضبط اور ذہنی مضبوطی کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔

