ٹوکیو – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 7 بالکل نئے اور خوبصورت طیارے مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں اور جنگ کی صورت میں تباہی ناگزیر تھی۔
ٹوکیو میں بزنس لیڈرز سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنی صدارت کے دوران زیادہ تر جنگیں ٹیرف پالیسیوں کے ذریعے روکوائیں، جس سے عالمی امن کو فائدہ پہنچا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی فوجی قیادت سے براہِ راست بات کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر دونوں ممالک جنگ میں گئے تو امریکا ان کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کر دے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ “ایٹمی جنگ کی صورت میں نیوکلیئر ڈسٹ ہر طرف پھیل جاتی، سب متاثر ہوتے۔ میں نے دونوں رہنماؤں سے کہا کہ اگر تم نے جنگ کی، تو امریکا تم سے کوئی معاہدہ نہیں کرے گا — اور چوبیس گھنٹوں کے اندر معاملہ ختم ہوگیا۔”
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ دنیا میں ستر فیصد جنگیں تجارت کی بدولت روکی جا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے عقل مندی سے کام لیا کیونکہ وہ ہم سے تجارت چاہتے تھے، اور حیرت انگیز طور پر معاملہ بہت جلد حل ہو گیا۔ اگر جنگ جاری رہتی تو لاکھوں افراد مارے جاتے۔”

