ذرائع کاکہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مختصر ٹیم کے ہمراہ آج پاکستان آمد متوقع ہے ۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں جس کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کی مختصر ٹیم کے ہمراہ آج اسلام آباد میں آمد متوقع ہے جس دوران ممکنہ طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا راونڈ ہو سکتا ہے ۔
امریکہ کی لاجسٹک ، سیکیورٹی ٹیم مذاکراتی عمل کیلئے اسلام آباد میں پہلے سے ہی موجود ہے ، جبکہ ایرانی وفد کی آمد کے امکان کے باعث اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ، توسیعی ریڈ زون دوبارہ سیل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیئے جس دوران خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔ گفتگو میں خطے کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار سے گفتگو میں ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تعریف کی، علاقائی امن واستحکام کیلئے دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل کیلئے مسلسل مکالمے اور روابط کی اہمیت پر زور دیا ۔ تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام قائم ہو سکے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا اور ایران سمیت مختلف ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اہم مشارورتی اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے کہا کہ امید ہے ایران اور امریکا کو جلد مذاکرات کی میز پر دوبارہ بٹھانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
اجلاس میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کیلئے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا، وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا،امید ہے ایران اور امریکا کو جلد مذاکرات کی میز پر دوبارہ بٹھانے میں کامیاب ہوجائیں گے،پاکستان مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا
