منیلا: فلپائن میں اس سال آنے والے اب تک کے سب سے طاقتور سمندری طوفان “کلمیگی” (Kalmaegi) نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنا پڑی۔
حکام کے مطابق سمندری طوفان نے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے سیبو (Cebu) کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
سیبو کے تمام قصبے زیرِ آب آگئے جبکہ سب سے زیادہ 9 اموات اسی جزیرے سے رپورٹ ہوئیں۔
طوفان کے باعث شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
سول ڈیفنس کے ایک اہلکار نے ریڈیو انٹرویو میں بتایا کہ 26 افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک رسائی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
افسوسناک طور پر ہلاک ہونے والوں میں فوج کے ایک امدادی ہیلی کاپٹر کا عملہ بھی شامل ہے۔
ہیلی کاپٹر سیبو کے جنوبی علاقے منڈاناؤ جزیرے پر امدادی سامان پہنچا رہا تھا کہ خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس میں موجود تمام 6 اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
فلپائن کے متعدد علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دو ملین سے زائد افراد کو عارضی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ گاڑیاں، کشتیوں اور شپنگ کنٹینرز سڑکوں پر بہہ گئے۔
امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں خوراک، پینے کے پانی اور ادویات کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں۔

