استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوگئے۔ وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مذاکرات میں ثالثی کرنے پر ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عطاء تارڑ کے مطابق پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دوحہ امن معاہدے 2021 کے مطابق اپنے بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ وعدوں کی تکمیل میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ وہ افغان عوام سے خیرسگالی کا جذبہ رکھتا ہے اور ان کے لیے پرامن مستقبل کا خواہاں ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان طالبان حکومت کے ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا پڑوسی ممالک کے مفاد میں نہ ہوں۔ پاکستان اپنی عوام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

