کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم امتناع

جسٹس ایاز شوکت نے رضا حسن کی درخواست پر سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کیا، درخواست گزار کی جانب سے شاہد محمود کھوکھر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار نے بیرون ملک تعیناتی کے طریقہ کار اور اسے پراسس سے نکالے جانے کو چیلنج کیا۔

حکمنامے کے مطابق وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رضا حسن نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی آسامی کیلئے آئی بی اے کراچی کا تحریری امتحان پاس کیا، تاہم مطلوبہ اہلیتی سکور حاصل کرنے کے باوجود انہیں انٹرویو کے مرحلے سے خارج کر دیا گیا۔

وکیل کے مطابق درخواست گزار کو انٹرویو سے نکالنا غیر قانونی اور من مانا اقدام ہے، جبکہ بیرون ملک مشنز کیلئے تقرریوں سے متعلق ترمیم شدہ پالیسی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی گئی، متعلقہ اتھارٹی نے درخواست گزار کو نوٹس کئے بغیر اور سنے بغیر نام نکال دیا، جبکہ فیصلے کی کوئی وجہ بھی فراہم نہیں کی گئی۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو سماعت کا موقع دیئے بغیر کارروائی اصولِ فطری انصاف کے منافی ہے۔

عدالت نے وزیر اعظم کو بذریعہ سیکرٹری، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت اوورسیز پاکستانیز سمیت فریقین سے کامیاب امیدواروں، انٹرویو کیلئے بلائے گئے امیدواروں اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کے انتخابی عمل کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

حکمنامے کے مطابق انٹرویو کمیٹی کا اجلاس 17 سے 20 اگست 2026 تک منعقد ہو چکا ہے، عدالت نے تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں اور انٹرویو کیلئے بلائے گئے امیدواروں کی فہرست بھی ریکارڈ پر لانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 سے 20 اگست 2026 تک ہونے والے انٹرویو کمیٹی اجلاس کی سفارشات کو آئندہ سماعت تک حتمی شکل دینے، نوٹیفائی کرنے یا ان پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 24 ستمبر 2026 کو مقرر کر دی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے