دبئی — انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی بولرز کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بکھر گئی، اور پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر شاندار انداز میں ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
یہ پاکستان کا انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے۔
دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم محض 156 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی انڈر 19 ٹیم میچ کے اہم مرحلے پر شدید دباؤ کا شکار دکھائی دی، جہاں مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 جبکہ سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبدل سبحان، محمد صیام اور حذیفہ حسن نے 2، 2 وکٹیں لے کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی اننگز میں اوپنر سمیر منہاس نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
دیگر پاکستانی بلے بازوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 جبکہ حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔
دلچسپ امر یہ رہا کہ ٹاس کے موقع پر بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا، جبکہ اس سے قبل ٹرافی کے ساتھ تصویر بنواتے وقت بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
فائنل سے قبل پاکستان کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور ٹائٹل جیتنے کے لیے بھرپور مقابلہ کرے گی، جسے گرین شرٹس نے میدان میں ثابت کر دکھایا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے، جبکہ انڈر 19 ایشیا کپ میں 2012 میں بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔
