سابق مس انڈیا اور ابتدائی 2000 کی دہائی میں بالی وڈ میں شہرت حاصل کرنے والی معروف اداکارہ سلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پر گھریلو تشدد، بچوں سے جبری جدائی اور اثاثوں پر قبضے کی کوشش جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد ان کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔
سلینا جیٹلی، جنہوں نے نو انٹری، جانشین، ٹام، ڈک اینڈ ہیری اور تھینک یو جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، طویل عرصے سے بالی وڈ سے دور تھیں۔ ان کے مداح یہ سمجھتے رہے کہ وہ بیرونِ ملک ایک پُرسکون گھریلو زندگی گزار رہی ہیں، تاہم حالیہ انکشافات نے اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
اداکارہ نے 2011 میں آسٹریا کے بزنس مین پیٹر ہیگ سے شادی کی تھی اور بعد ازاں ملک چھوڑ دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک تفصیلی اور جذباتی بیان میں سلینا جیٹلی نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدہ ہو چکی ہیں اور یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ برسوں کے تشدد کے بعد کیا گیا۔
سلینا کے مطابق وہ طویل عرصے تک جسمانی اور ذہنی تشدد کا شکار رہیں اور بالآخر اپنی عزتِ نفس اور وقار کی حفاظت کے لیے اس رشتے کو ختم کرنے پر مجبور ہوئیں، تاہم اس فیصلے کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑی اور وہ اپنے بچوں سے جدا ہو گئیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ 11 اکتوبر 2025 کو رات تقریباً ایک بجے وہ پڑوسیوں کی مدد سے آسٹریا سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں اور نہایت کم وسائل کے ساتھ بھارت واپس آئیں، جبکہ ان کے بچے وہیں رہ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ جوائنٹ کسٹڈی کے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور بچوں پر ان کے خلاف بولنے کے لیے جذباتی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
سلینا جیٹلی نے مزید بتایا کہ بھارت واپسی کے بعد انہیں اپنے ہی گھر میں داخلے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑا، کیونکہ شوہر کی جانب سے جائیداد پر ملکیت کا دعویٰ کیا گیا۔ مسلسل قانونی جنگوں کے باعث انہیں بھاری قرضے لینے پر بھی مجبور ہونا پڑا۔
انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں اداکارہ نے طلاق کے حوالے سے ایک چونکا دینے والا انکشاف بھی کیا۔ ان کے مطابق شادی کی 15ویں سالگرہ پر ان کے شوہر انہیں یہ کہہ کر پوسٹ آفس لے گئے کہ وہاں ان کے لیے تحفہ آیا ہے، مگر وہاں انہیں تحفے کے بجائے طلاق کے کاغذات تھما دیے گئے اور کہا گیا کہ یہی سالگرہ کا تحفہ ہے۔
سلینا کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچوں کی خاطر کئی بار بغیر تنازع کے علیحدگی کی کوشش کی، مگر ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی وہ جائیداد بھی چھوڑ دیں جو شادی سے قبل ان کی ملکیت تھی اور ایسی شرائط قبول کریں جو ایک عورت اور ماں کے طور پر ان کی آزادی اور وقار کے خلاف تھیں۔
اداکارہ کو اس وقت ایک اور ذاتی بحران کا بھی سامنا ہے۔ ان کے بھائی متحدہ عرب امارات کی ایک جیل میں قید ہیں اور سلینا جیٹلی ان کے لیے قانونی مدد کے حصول کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
سلینا جیٹلی کی یہ دردناک داستان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں مداح اور شوبز شخصیات ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی ہمت کو سراہ رہے ہیں۔
