کیوبا کو تیل فراہم کرنے والے ممالک پر امریکی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

0

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کو تیل فراہم کرنے والے ممالک کے خلاف سخت اقدام کرتے ہوئے ان کی برآمدی اشیا پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کو عملی شکل دینے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت وہ ممالک جو کیوبا کو تیل فروخت یا فراہم کرتے ہیں، اب امریکی تجارتی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔

وائٹ ہاؤس ذرائع کے مطابق یہ اقدام کیوبا پر دباؤ بڑھانے کی امریکی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ کی جانب سے سخت بیانات سامنے آ چکے ہیں جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کیوبا معاشی طور پر کمزور ہو چکا ہے اور زوال کے دہانے پر کھڑا ہے۔

امریکی صدر نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ کیوبا کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا، بصورتِ دیگر اسے وینزویلا جیسے انجام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی دھمکیوں کے جواب میں کیوبا کے صدر نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوبا اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

کیوبا کے صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ نے کسی قسم کی جارحیت کی تو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی، اور کیوبا اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق واشنگٹن اور ہوانا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جس کے اثرات لاطینی امریکا کے خطے اور عالمی توانائی منڈی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.