تہران/واشنگٹن — ایران نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد عالمی تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ یہ اقدام خطے میں حالیہ جنگ بندی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کمرشل شپنگ کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تمام تجارتی بحری جہاز بلا رکاوٹ گزر سکیں گے، تاہم انہیں ایرانی پورٹ اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کی جانب سے مقرر کردہ راستوں کی پابندی کرنا ہوگی۔
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ عالمی تجارت کو معمول پر لایا جا سکے اور خطے میں کشیدگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کا شکریہ ادا کیا ہے، اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے، جس کے لیے امریکا کی ثالثی کلیدی رہی۔ امریکی صدر نے اس سے قبل لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کے بعد اس جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کے کردار کو سراہ چکے ہیں، جس سے خطے میں پاکستان کی سفارتی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
