امریکی افواج نے بحرالکاہل میں ایک اور بحری کارروائی کرتے ہوئے ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے، جسے حکام کے مطابق بین الاقوامی پابندیوں کے تحت نگرانی میں رکھا گیا تھا۔
امریکی انڈو پیسفک کمانڈ United States Indo-Pacific Command کے مطابق یہ کارروائی ایک بے نام آئل ٹینکر پر کی گئی جس کی شناخت بعد میں ایم ٹی ٹیفانی کے طور پر کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہاز پر قبضے کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔
امریکی محکمہ دفاع United States Department of Defense کے مطابق یہ جہاز مبینہ طور پر پابندیوں کے شکار نیٹ ورک سے منسلک تھا اور اس کے ذریعے غیر قانونی تیل کی ترسیل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پینٹاگون کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سمندری سرگرمیوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف عالمی سطح پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ امریکی حکام نے اس کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں جہاز کو روکنے اور کنٹرول میں لینے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں بین الاقوامی سمندری قوانین کے نفاذ اور عالمی توانائی و تجارت کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔
